پی آئی ایس جے ،ای ایس میں یوم دفاع ، مسلح افواج کے افسران کی شرکت
پاکستانی قوم ان قوتوں کو شکست دیں گے جو اندرونی اور بیرونی طور پر وطن کو کمزور کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، پرنسپل عدنان ناصر کا تقریب سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی )پاکستان انٹرنیشنل اسکول ، انگلش سیکشن میں53ویں یوم دفاع اور شہدائے پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں پاک فوج کے بری، بحری اور فضائی افواج کے افسران نے خصوصی شرکت کی ۔اسکول کے طلبہ کے چاق و چوبند دستے نے انھیںگارڈ آف آنر پیش کیا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے ۔ پرنسپل عدنان ناصر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مادر وطن کے ان جانباز سپوتوں کی ستائش کا دن ہے۔ جنہوں نے اپنی جانیں قربان کر دیں مگر ملک و قوم پر آنچ نہیں آنے دی ۔ 6ستمبر 1965 کو نصف صدی سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے مگر یوم دفاع کی اہمیت دھندلائی نہیں۔ ہم میں تفرقہ ڈالنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں ۔ شاید دشمن یہ نہیں جانتا کہ جس قوم کا جذبہ بیدار ہو اسے کسی سازش کا شکار نہیں کیاجاسکتا ۔ عدنان ناصر نے مزید کہا ہم بحیثیت قوم ان قوتوں کو شکست دینے کے لیے تیار ہیں جو اندرونی اور بیرونی طور پر وطن عزیز کو کمزور کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ ہم اپنے ان شہدا سے جنھوں نے وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے وعدہ کرتے ہیں کہ ملک کو مضبوط سے مضبوط تربنانے کے لیے سخت محنت کریں گے اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ پرنسپل نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا انحصار اسی بات پر ہے ہم میں سے ہر ایک انفرادی طور پر اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ایمانداری سے کام کرے کیونکہ ملکی ترقی اور استحکام کی جد و جہد میںہماری شرکت قوم کو اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کی عملی مثال بنانے میںاہم کردار ادا کرے گی۔ انھوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اندر ایمان، اتحاد اور نظم وضبط کے جذبے کو پروان چڑھانے کے لیے تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز کریں تاکہ اپنے آباءکی میراث کو فتح اور کامرانی کی بے مثال بلندیوں تک لے جا سکیں۔ اس موقع پر طلبہ نے یوم دفاع کے حوالے سے ایک د ستاویزی فلم پیش کی۔ تقریب میں پاکستان کی مسلح افواج سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے جذبہ حب الوطنی اور قربانی کے حوالے سے متاثر کن واقعات پیش کئے اور پاک فوج کے حوالے سے خصوصی پریزنٹیشن دی جس نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ پروگرام کے اختتام پر پرنسپل اور مہمانوں کے ہمراہ خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔بعد ازاںتمام افسران نے اسکول کی مختلف کلاسوں کا دورہ کیا اورطلبہ کے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔