ریاض.... سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود کے 800انسپکٹرز نے یکم محرم 1440ھ منگل کو سعودی عرب کے تمام علاقوں میں 4شعبوں کی سعودائزیشن کو یقینی بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر چھاپے مارے۔ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی ایجنسیوں ، گھریلو برتن، بچوں اور مردوں کے ملبوسات ، گھریلو اور دفتری فرنیچر کی دکانوں کے 70فیصد کارکن سعودی رکھنے کی پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے چھاپہ مہم چلائی گئی۔ وزارت نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ 70فیصد سعودائزیشن کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ وزارت محنت کے انسپکٹرز کے ہمراہ وزارت تجارت ،میونسپلٹیوں اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار بھی شریک رہے۔ ریاض،شرقیہ ، الجوف، نجران ، مکہ مکرمہ ریجنوں کے بڑے شہروں میں چھاپہ مہم کی صدائے باز گشت بڑے پیمانے پر سنی گئی۔ متعلقہ اداروں کے افسران تجارتی مراکز اور عام بازاروں میں ایسی تمام دکانوں پر تفتیش کیلئے پہنچے جہاں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے پرزے فروخت کرنے والی دکانیں تھیں۔ مردانہ و زنانہ کپڑے، گھریلو و دفتری فرنیچر اور برتن فروخت کرنے والی دکانیں موجود تھیں۔ الشرقیہ میں وزارت محنت کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان المقبل نے تفتیشی ادارے کے عہدیداروں اور مکاتب العمل کے مدیران کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ چاروں شعبوں کی سعودائزیشن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے تفتیشی مہم جاری رکھیں۔ نجران میں وزارت محنت و سماجی بہبود کے افسران حبونا کمشنری پہنچ گئے۔ حبونا مکتب العمل کے ڈائریکٹر سالم السلوم نے چھاپہ مہم کے بعد بتایا کہ 4بڑی خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔ قانونی کارروائی کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کو نجی ادارو ں و کمپنیوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی خاطر تفتیشی مہم جاری رکھی جائے گی۔ الجوف میں وزارت کے ڈائریکٹر جنرل عبدالعزیز الرویلی او ران کے معاون حمدی العنزی کی زیر قیادت انسپکٹرز نے مقررہ چاروں شعبوں کی دکانوں اور شورومز پر چھاپے مارے ، متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔ آئندہ بھی الجوف کی تمام کمشنریوں میں چھاپہ مہم جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ ریاض ریجن کے بڑے شہروں میں بھی تفتیشی مہم چلائی گئی جبکہ مکہ مکرمہ ، جدہ اور طائف شہروں کے بڑے تجارتی مراکز کے ساتھ ساتھ کھلے بازاروں میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے شورومز ، گھریلو برتنوں و فرنیچر، بچوں اور بڑوں کے تیار ملبوسات نیز دفتری فرنیچر کی دکانوں پر جا کر 70فیصد سعودائزیشن کے حوالے سے موقع پر موجود منتظمین اور کارکنان کے کاغذات چیک کئے گئے۔