سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے منگل کو قاہرہ میں ہونےوالے عرب وزرائے خارجہ کے 150ویں اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے تمام اہم نکات کی نشاندہی کردی۔ انہوں نے یمن، شام اور فلسطین کے مسائل پر سعودی موقف دو ٹوک الفاظ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ماتحت دہشتگرد حوثیوں نے نہ کبھی وعدہ پورا کیا ہے او رنہ کررہے ہیں اور نہ آئندہ کبھی عالمی برادری کی اپیلوں پر لبیک کہیں گے۔ عالمی برداری حوثیوں کو سیاسی عمل میں شریک کرنے کیلئے اپیلوں پر اپیل کرتی چلی جارہی ہے لیکن حوثیوں نے کسی بھی اپیل پر ٹھوس ردعمل نہیں دیا۔ تازہ ترین ثبوت جنیوا مشاورتی اجلاس میں شرکت نہ کرکے پیش کردیا۔
الجبیر نے حوثیوں کی سیاہ تصویر اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یمنی شہریوں کی ناکہ بندی سے لیکر متاثرہ یمنی عوام تک کھانے پینے کی اشیاءاور ادویہ کی رسائی میں رکاوٹیں پیدا کرنے تک حوثیوں کے اندوہناک تصرفات سب کے سامنے ہیں۔ وہ سعودی عرب کے شہروں کو میزائل حملوں کا ہدف بناتے رہے ہیں۔ انہوں نے مسلمانان عالم کے قبلہ مکہ مکرمہ تک کو میزائل حملے کا ہدف بنانے میں کسی طرح کی کوئی قباحت محسوس نہیں کی۔ حوثی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بچوں کو عسکری تربیت دیکر انہیں گھناﺅنے طریقے سے محاذ جنگ پر بھیج کر کررہے ہیں۔
عرب اتحادی اس کے باوجود اقوام متحدہ اور اس کی امدادی ایجنسیوں سے بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ انسانی امداد یمن کے تمام شہریوں تک پہنچانے کے سلسلے میں جو تعاون درکار ہوتا ہے وہ دے رہے ہیں۔ انکی کوشش ہے کہ یمنی عوام کے مسائل ختم ہوں، انکے دکھ درد میں کمی آئے۔ یمنی عوام کو لڑائی کے دوران حملوں سے بچانے کی سرتوڑ کوشش بھی کررہے ہیں۔ سعودی عرب گزشتہ 4برسوں کے دوران 13ارب ڈالر سے زیادہ کی انسانی امداد دے چکا ہے۔
جہاں تک مسئلہ فلسطین کا تعلق ہے تو اس سے متعلق الجبیر نے واضح کیا کہ یہ مملکت کی اولین ترجیحات میں سرفہرست تھا ، ہے اور رہیگا۔ جب تک فلسطنی عوام کو ان کے جائز حقوق نہیں ملیں گے تب تک تعاون کا سلسلہ جاری و ساری رہیگا۔ القدس کی قانونی اور تاریخی حیثیت کو مجروح کرنے والے ہر اقدام کی مخالفت کی جاتی رہی ہے، آئندہ بھی کی جاتی رہیگی۔ شامی بحران سے متعلق بھی سعودی موقف 2ٹوک ہے۔ شام کا اتحاد،سالمیت،خودمختاری اور سلامتی و استحکام مملکت کا موقف تھا، ہے اور رہیگا۔ مذاکرات کے ذریعے ہی شامی بحران حل ہوگا۔ غیر ملکی مداخلت اور شام کو تقسیم کرنے کی ہر کوشش زہر ثابت ہوگی۔