جدہ.... جدہ میونسپلٹی نے ”البقدونس“ کے معائنے کے بغیر سبزی منڈی میں اسے لانے پر پابندی عائد کردی۔ میونسپلٹی نے حفظان صحت کے ضوابط نافذ کرانے والے انسپکٹرز کو ہدایت دی ہے کہ جب تک اس بات کا اطمینان نہ ہوجائے کہ بقدونس کیڑے مار ادویہ کی آلودگی سے پاک ہے اس وقت تک اسے مارکیٹ میں لانے کی اجازت نہ دی جائے۔ میونسپلٹی نے انسپکٹرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ تجارتی مراکز، بازاروں اور سبزی فروخت کرنے والی دکانوں پر پے درپے چھاپے ماریں وہاں سے بقدونس کے نمونے لیکر لیباریٹری بھیجیں۔ علاوہ ازیں تجارتی مراکز کے مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ 48گھنٹے کے اندر اقرار نامے جمع کرائیں جن میں یہ عہد کیا گیا ہو کہ وہ میونسپلٹی کی لیباریٹری کے معائنے سے قبل بقدونس فروخت نہیں کرینگے۔