ٹورانٹو.... ٹورانٹو کے ریزیڈنشل کمپلیکس میں رہنے والے ایک شخص کو اس وقت سخت حیرت ہوئی جب ایک دن اس نے اپنے بسترکے سامنے دیوار پر لگی ہوئی ڈیجیٹل گھڑی میں کچھ پراسرار چیز دیکھی اور جب گھڑی کو اتار کر اسکا معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ یہ خفیہ کیمرہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈوگی ہملٹن نامی 36سالہ شخص بنیادی طور پر برطانوی شہری ہے اور تعطیلات گزارنے کیلئے ٹورانٹو گیا تھا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ٹورانٹو کے فلیٹ کے مالکان نے ڈوگی ہملٹن کو انکی پوری رقم واپس کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ڈوگی نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے لوگوں سے سوال کیا ہے کہ کیا انہوں نے کبھی ایسی تعطیلات گزاری ہیںجنہیں جہنم سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ ہملٹن کے بیان کے مطابق یہ خفیہ کیمرہ جس تار سے منسلک تھا وہ بظاہر موبائل فون چارجر کا تار نظر آرہا تھا۔ اب انہیں اندیشہ ہے کہ کہیں انکی تصویریں محفوظ نہ کرلی گئی ہوں۔