Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے دنیا بھر کے لوگوں کو تیل کی مہنگائی سے بچا لیا، امریکہ

    ریاض- - - -  امریکی وزیرتوانائی رک بیری نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے دنیا بھر کے لوگوں کو پٹرول کی مہنگائی کے مسائل سے بچا لیا۔ انہوں نے ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب الیگزینڈ ر نووک سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ، روس اور سعودی عرب تیل کے متوازن اور مناسب نرخ برقرار رکھنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کر رہے ہیں۔ تینوں ممالک کی کوشش ہے کہ پٹرول کے نرخ تمام ممالک کی استطاعت میں ہوں۔ انہوں نے اس حوالے سے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب اور اوپیک کے رکن ممالک دنیا بھر کے شہریوں کو تیل نرخوں میں طوفانی اضافہ سے بچانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ اس پر وہ ہم سب کی جانب سے قدرومنزلت اور سلام تعظیم کے مستحق ہیں۔ روس بھی ان میں سے ایک ہے۔ یہ اعتراف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ ایران پر امریکی پابندیوں کے نفاذ سے قبل ہی عالمی مارکیٹ میں ایک بیرل پٹرول کی قیمت 80ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور ماہرین نے خدشہ ظاہر کیاتھا کہ 4نومبر 2018ء سے ایران پرامریکی پابندیوں کے نفاذ کے بعد پٹرول کے نرخ مزید بڑھ جائیں گے۔  انہوں نے یہ امکان بھی ظاہر کیا تھا کہ ممکن ہے پٹرول کی قیمت فی بیرل 80ڈالر سے تجاوز کر جائے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب پٹرول کے حوالے سے انسانیت دوست پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔ وہ ایک طرف تو پٹرول برآمد کرنے والے ممالک کے مفادات کی پاسداری کو اپنی پہچان بنائے ہوئے ہے اور دوسری جانب پٹرول خریدنے والے ممالک کے مفادات کا بھی پوری طرح سے لحاظ کر رہا ہے۔ طلب و رسد کے قانون کے مطابق سعودی عرب عالمی مارکیٹ کو تمام تر ہنگامی حالات کے باوجود پٹرول کی مطلوبہ سپلائی برقرار رکھنے کی پہچان بنا چکا ہے۔ مطلوبہ مقدار میں پٹرول کی رسد نرخوں میں توازن کی بہت بڑی ضمانت ہے۔
مزید پڑھیں:- - -  - -ڈی آر ایل میں 16سعودیوں کی شرکت
 

شیئر: