کرکٹرز کیلئے رینکنگ بہتر بنانے کا شاندار موقع
دبئی:ایشیاکپ میں شریک ٹیموں اور پلیئرز کو رینکنگ میں بہتری کا موقع ہے ۔ایشیاکپ میں اچھی پرفارمنس کی بدولت ٹیمیں اور پلیئرز دونوں ہی اپنی رینکنگ پوزیشنز بہتربناسکتے ہیں۔ ایونٹ میں شریک ٹیموں میں ٹاپ رینک ہند اس وقت121پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ سے نیچے دوسرے نمبر پرموجود ہے۔ پاکستان 104 پوائنٹس لے کر پانچویں پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے، اگر گرین شرٹس ایشیائی ہمسایوں کو مات دے کر ٹائٹل جیتے تو پھر ان کی رینکنگ پوزیشن بھی بہتر ہوجائے گی۔بیٹسمین رینکنگ میں اس وقت نمبر ون پوزیشن 911پوائنٹس کے ساتھ ویرات کوہلی کے پاس ہے تاہم انھیں ایشیا کپ میں ہند نے آرام دے دیا، جس سے دوسرے نمبر پر 825پوائنٹس کے ساتھ موجود بابر اعظم کے پاس اچھی کارکردگی کی بدولت ٹاپ پر جانے کا موقع ہوگا۔قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان بھی دھواں دار بیٹنگ کے جوہر دکھا کر اپنی 16 ویں پوزیشن کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ بولرز میں حسن علی فی الحال تیسرے نمبر پر ہیں، ان سے آگے افغانستان کے راشد خان اور ٹاپ پر ہندوستانی جسپریت بمرا موجود ہیں، انھیں ترقی پانے کیلئے اسی ایونٹ میں شریک ان بولرز سے بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا۔ آل راونڈرز میں بھی دوسرے نمبر پر اگرچہ محمد حفیظ موجود ہیں تاہم وہ ایشیا کپ کیلئے گرین شرٹس کا حصہ نہیں بن سکے۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ رینکنگ میں بہتری کیلئے یہ ایونٹ کافی اہم ہے۔
کھیلوں کی مزیدخبریں پڑھنے کیلئے "اردونیوز اسپورٹس"گروپ جوائن کریں