سعودی عرب کی میزبانی میں 20سال بعد اریٹیریا اور ایتھوپیا میں امن معاہدہ
ریاض.... سعودی عرب کی میزبانی میں اریٹیریا اور ایتھوپیا میں صلح کا معاہدہ طے پاگیا۔ اس سلسلے میں سعودی عرب نے ایک تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کو افریقی ملکوں ایتھوپیا اور اریٹیریا کے درمیان کئی سال بعد ہونے والی صلح کے معاہدے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ٹی وی رپورٹ کے مطاق دونوں افریقی ملکوں کے درمیان 20 برس بعد صلح کا معاہدہ ہو رہا ہے۔ معاہدے کی تقریب سعودی عرب کی میزبانی میں جدہ میں ہوگی۔خیال رہے کہ اریٹیریا اور ایتھوپیا 20 سال تک حالت جنگ میں رہے ہیں۔ 2ماہ قبل دونوں ملکوں نے طویل کشیدگی ختم کرتے ہوئے تعلقات کے ایک نئے باب کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ایتھوپیا کے وزیراعظم آبی احمد اور اریٹیریا کے صدر ایسیاس افورقی نے اسمارہ میں ہونے والی تاریخی ملاقات میں امن معاہدے کا اعلان کیا تھا۔