دمام.... امریکی عدالت نے سعودی خاندان سے انکے 6 سالہ بیٹے کی کفالت کے حق سے محروم کرکے بچے کو عرب ملک سے تعلق رکھنے والے امریکی شہری کے حوالے کر دیا ۔ سعودی سفار تخانے کی مداخلت اور کیس کی پیروی کےلئے وکیل کا بندوبست کیا گیا ۔ سبق نیوز کی تفصیلات کے مطابق امریکہ میں مقیم ایک سعودی خاندان جن کا 6 سالہ بیٹا مرگی کے مرض مبتلا تھا جس کا علاج امریکہ کے اسپتال میں جاری تھا ۔ سعودی خاندان تعطیلات گزارنے کےلئے مملکت گیا تھا جہاں انکی واپسی میں چند روز کی تاخیر ہو گئی جس کے سبب اسپتال میں بچے کا معمول کے مطابق معائنہ نہ ہو سکا ۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے سعودی خاندان پر بچے کے علاج کےلئے غفلت برتنے پر مقدمہ دائر کر دیا گیا جب مذکورہ خاندان تعطیلات گزار کر امریکہ پہنچا تو عدالتی سمن ان کا منتظر تھا ۔ عدالت نے اسپتال انتظامیہ کی شکایت پر سعودی خاندان سے باز پرس کی اورانہیں 2 ماہ کےلئے بچے کی کفالت سے محروم کر دیا ۔ عدالت نے بچے کو عرب ملک سے تعلق رکھنے والے ایک امریکی خاندان کے سپرد کر دیا تاہم سعودی خاندان کو اس امر کی اجازت دی کہ وہ بچے سے ملاقات کر سکتے ہیں ۔ دریں اثناءسعودی سفارتخانے کی جانب سے وکیل کا بندوبست کیا گیا جس نے اپیل دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بچے کے والدین نے اسپتال انتظامیہ کو معمول کے چیک اپ میں تاخیر کے بارے میں مطلع کر دیا تھا ۔ عدالت نے اپیل کی سماعت کی اور بچے کو حقیقی والدین کے حوالے کر دیا گیا ۔