مدینہ منورہ.... حجاج کرام کی مدینہ منورہ روانگی کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس وقت شہر مقدس میں ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد حجاج کرام مقیم ہیں ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی نے گزشتہ برس کے اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس ان ہی دنوں میں مدینہ منورہ میں حجاج کرام کی تعداد 2 لاکھ44 ہزار تھی جبکہ امسال حجاج کی اپنے ملکوں کو روانگی کا شیڈول وقت مقررہ کے مطابق جاری ہے ۔ گزشتہ روز مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ آنے والے حجاج کی تعداد 23 ہزار سے زائد رہی جو 647بسو ں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچے جبکہ گزشتہ روز ہی مدینہ منورہ سے اپنے ملکوں کو روانہ ہو نے والے حجاج کرام کی تعداد 31ہزار 311 رہی جن میں فضائی اور بری راستے سے روانہ ہونے والے حجاج شامل تھے ۔ واضح رہے بعداز حج آپریشن مقررہ پروگرام کے مطابق جاری ہے ۔ وہ حجا ج کرام جو قبل از حج مدینہ منورہ نہیں آئے تھے انکی روانگی مدینہ منورہ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ہی ہو گی جبکہ وہ حجا ج جو حج سے قبل براہ راست مدینہ منورہ آئے تھے انکی اپنے ملکوں کو روانگی جدہ حج ٹرمنل سے ہو رہی ہے ۔ واضح رہے کہ پاک و ہند کے علاوہ ترکی اور انڈونیشیا کے حجاج کرام 8 دن مدینہ منورہ میں قیام کرتے ہیں جبکہ عرب ممالک سے آنے والے حجاج کا قیام 3 دن ہوتا ہے ۔رپورٹ کے مطابق ان دنوں زیادہ تعداد پاک و ہند کے حجاج کرام کی ہے جبکہ ترکی اور انڈونیشین حجاج بھی کافی تعداد میں شہر مقدس میں موجود ہیں ۔حج آپریشن 15 محرم تک جاری رہے گا جس کے بعد معتمرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ۔