سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
سعودی حکومت پڑوسی برادر اور دوست ممالک میں امن و امان کےلئے کوشاں ہے۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ دنیا بھر کے ممالک میں امن و امان کا بسیرا ہو۔ وقتاً فوقتاً متحارب فریقوں کی سربراہ کانفرنس اس مقصد کیلئے اپنی میزبانی میں منعقد کرتا رہتا ہے۔ یہ مملکت کیلئے کوئی اچھوتی بات نہیں۔ فلسطینیوں ، لبنانیوں ، صومالیہ کے رہنماﺅں کو امن مذاکرات کےلئے بلا چکا ہے۔ نتیجے کے طور پر معاہدے اور سمجھوتے ہوئے۔ انکے خوشگوار اثرات دیکھے جارہے ہیں۔ آج سعودی عرب2 پڑوسی ممالک ایتھوپیا اور اریٹیریا کے درمیان مصالحت کا نیا معاہدہ اپنی سرپرستی میں کرا رہا ہے۔ اسکی بدولت دونوں ملکوں کے درمیان طویل عرصے سے جاری نفرت، عداوت اور مخالفت کا گھناﺅنا سلسلہ ختم ہوگا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اپنے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل او ر افریقی آرگنائریشن کے سربراہ کی موجودگی میں اریٹیریا اور ایتھوپیا کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب کی سرپرستی کرینگے۔ دونوں ممالک کے درمیان عداوت کا سلسلہ ختم ہونے پر دہشتگردوں کو منہ کی کھانی پڑیگی اور خونریزی کا سلسلہ بند ہوگا۔
٭٭٭٭٭٭٭