بہار: 100 سے زائد بچے زہرخورانی کا شکار
بیگوسرائے۔۔۔۔بہار کے ضلع بیگو سرائے کے پتاہی گاؤں میں تبرک کے طور پر تقسیم کی جانیوالی اشیاء کھانے سے 100سے زائد بچے زہرخورانی کا شکار ہوگئے۔خداوند پور کے ہیلتھ سینٹر(پی ایچ سی) کے انچارج ڈاکٹر انل پرساد نے بتایا کہ 30بچوں کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کیا گیا جبکہ دیگر بچوں کا روسڑی حسن پور اوردیگر قریبی اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔ڈاکٹر انل نے خدشہ ظاہر کیا کہ کھانے کی اشیاء ناقص تیل میں تیار کی گئی ہوں گی جس سے بچے زہر خورانی کا شکار ہوگئے تاہم بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بچوں کے والدین اور علاقے کے لوگوں سے تفتیش اور پوچھ گچھ کے بعد رپورٹ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔