بے گھر شخص پر رنگ اسپرے کرنیوالا گرفتا ر کرلیاگیا
لندن.... مقامی پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس نے مقامی ٹیسکو شاپنگ مال کے باہر بیٹھے ہوئے ایک مفلوک الحال اور بے گھر شخص پر رنگ اسپرے کردیا تھا اور اس واقعہ کے صرف 3دن بعد یہ غریب شخص ایسٹرن قبرستان میں مردہ حالت میں ملا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم نے مرنے والے پر جو رنگ اسپرے کیا تھا اس میں کوئی جان لیوا چیز رہی ہوگی جس نے رفتہ رفتہ اثر کیا اور پھر اسکی موت واقع ہوگئی۔ ابھی تک 30سالہ ملزم ایرن جونز پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے اور اس کی گرفتاری شک و شبہ کی بنیاد پر ہوئی ہے مگر ملزم کا کہناہے کہ اس نے یقینی طور پر ازراہ مذاق اس مفلوک الحال شخص کی تصویر نیٹ پر جاری کردی تھی مگر اس پر رنگ اسپرے کرنے میں کوئی ہاتھ نہیں تھا ہوسکتا ہے کہ کسی نے اس سے قبل ہی رنگ پھینک دیا ہو اور یہی وہ کیفیت تھی جسے دیکھ کر اس نے وڈیو بنائی اور نیٹ پر جاری کردی۔ یہ واقعہ 9ستمبر کو مڈلسبرو کے ایسٹرن علاقے میں پیش آیا۔