آکلینڈ کے ساحل پر آتش فشاں نما گلابی جیلی فش نے سنسنی پھیلا دی
جمعرات 20 ستمبر 2018 3:00
پاکیری بیچ ، آکلینڈ.... سیر و تفریح کرنے والے افراد اکثر و بیشتر نت نئے تجربات سے گزرتے ہیں جن میں سے بعض ایسے ہوتے ہیں جن کا تصور بھی انکے لئے محال ہوتا ہے۔ ایسا ہی کچھ واقعہ شمالی آکلینڈ کے ساحل پر سیر کو آئی ہوئی ایک فیملی کو پیش آیا۔ اچانک رنگین اور بہت بڑی سائز کی جیل فش پر پڑی جو حیرت انگیز طور پر گلابی رنگ کی تھی اور دور سے اسے جیلی فش کم اور کسی آتش فشاں کا دہانا زیادہ سمجھا جاسکتا تھا۔ ماہرین کا کہناہے کہ یہ جیلی فش قریبی سمندر سے نکل کر ساحل پر آگئی تھی اور اسکا تعلق جیلی فش کی اس نسل سے تھا جو لائن جیلی فش کے نام سے جانی جاتی ہے مگر زہریلی نہیں ہوتی تاہم اگر وہ اپنی لمبی مونچھوں سے مار دے توہاتھ میں سوزش بھی ہوسکتی ہے اور معمولی زخم بھی آسکتے ہیں۔ سیاح خاندان کے سربراہ ایڈم ڈکنسن کا کہناہے کہ وہ اپنی بیوی کے ڈکنسن اور دو بچوں کے ساتھ ساحل کی سیر کو نکلے تھے کہ یہ منظر انہیں نظر آیا۔ واضح ہو کہ شمالی آکلینڈ میں واقع پاکیری بیچ جغرافیائی اور سیاسی اعتبار سے نیوزی لینڈ کا حصہ ہے۔ ایڈم کا کہناہے کہ یہ جیلی فش گلابی رنگ کی تھی اور اتنی بڑی تھی کہ تاحد نظر یہ مچھلی ہی نظر آرہی تھی ۔ اسکی جسامت حیران کن حد تک زیادہ بڑی تھی اور جہاں تک اسکی تصویر کا تعلق ہے تو اس پر جو لوگ بھی آتش فشاں ہونے کا گمان کررہے تھے وہ زیادہ غلط بھی نہیں تھے۔ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ نظر آنے والی قوی الجثہ جیلی فش زندہ تھی یا ساحل پر آکر مر گئی تھی تاہم سائنسی اعتبار سے یہی کہا جاتا ہے کہ جس صحیح و سالم حالت میں وہ نظر آئی اگر مر چکی ہوتی تو اسکی ظاہری شکل و صورت یقینی طور پر مختلف ہوتی۔