روزانہ ایک ادارے کا دورہ کروں گا‘ وزیر بلدیات سندھ
کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کے زیر انتظام تمام اداروں میں شفافیت کے عمل کو یقینی بنانا ہوگا۔ اداروں میں موجود 17 گریڈ یا اس سے اوپر کے افسران اور ملازمین کے ساتھ ساتھ ادارے میں زائد اور خالی اسامیوں کی بھی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔ واٹر کمیشن کی ہدایات پر مکمل عمل کو یقینی بنایا جائے اور ہر ادارہ اس سلسلے میں واٹر کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ تمام اداروں میں سرکاری گاڑیوں کی مکمل تفصیلات اور ان کے پیٹرول سمیت دیگر تمام کی رپورٹ پیش کی جائے۔ بحثیت وزیر اور ان اداروں کے سربراہ، میں روزانہ کسی نہ کسی ایک ادارے میں عوامی مسائل کو سننے کے لیے جائوں گا اور اس کی اطلاع عوام کو بذریعہ میڈیا فراہم کی جائیں گی۔ تمام ادارے اپنے اپنے ادارے میں ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے پر توجہ دے اور تمام افسران اور ملازمین وقت پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی صبح سیکرٹری بلدیات کے دفتر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، اسپیشل سیکرٹری نیاز سومرو، سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ رورل ڈپارٹمنٹ جمال مصطفی سید، سیکرٹری سندھ کچی آبادی ڈاکٹر منصور، ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائمخانی، ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی، ڈی جی ایل ڈی اے عبدالعزیز میمن، ڈی جی ایچ ڈی اے ڈاکٹر بدر جمیل، ڈی جی کچی آبادی ڈاکٹر اقبال سعید خان، پی ڈی ایم ڈی اے شاہد عباسی سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔