حجاج کی خدمت کرکے اللہ کی رحمت کے طلب گار ہیں،صدر تقریب محمود مصری
تلنگانہ این آر آئی فورم کے زیر اہتمام حج والنٹیر ز کے اعزاز میں " اعتراف خدمات " تقریب،خدام الحجاج کی پذیرائی کیلئے توصیفی سند اور شیلڈ تقسیم کی گئی
جدہ ( امین انصاری ) تلنگانہ این آر آئی فورم نے حج والنٹیئر ز کے اعزاز میں " اعتراف خدمات " کی تقریب کا اہتمام کیا ۔ تقریب کی صدارت نائب صدر تلنگانہ این آر آئی فورم محمود مصری نے کی ۔ عثمان بین یسلم بن محفوظ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ عارف قریشی ، شمیم کوثر، عزیز قدوائی ، مرزا محمد بیگ اور اعجاز احمد خان مہمان اعزازی تھے۔ محمد لیاقت علی خان نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے این آر آئی فورم کا مختصر تعارف پیش کیا ۔ محمود مصری نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ حجاج کی خدمت کیلئے جتنی زیادہ تعداد والنٹیئرز کی ہوگی اتنے ہی بڑے پیمانے پر خدمات انجام دی جاسکتی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ امسال فورم کی جانب سے 100 سے زائد خدام الحجاج نے منی، مزدلفہ اور مکہ مکرمہ میں اپنی خدمات انجام دیں جبکہ ایک خاتون نے اپنے بچوں سمیت فورم کے بینر تلے خادمہ حجاج کی خدمت انجام دیکر خواتین کی رہنمائی کی ۔ صدر نے کہا کہ دھوپ کی شدت اور گرمی کی کثرت سے لوگ خصوصا خواتین اور ضعیف بے ہوش ہورہے تھے ایسے میں ان کی مدد کرنے میں ہمارے خدام الحجاج پیش پیش رہتے اس کے علاوہ بے شمار حجاج اپنے خیموں سے بھٹک کر رونے لگتے انہیں تسلی دیکر ان کے خیموں تک ورکرز نے پہنچا کرخدمات انجام دیں ۔ انہو ںنے کہا کہ ہم حجاج کی خدمت کرکے اللہ کی رحمت کے طلب گار ہیں۔یہ خدمات ہماری آخرت کا توشہ ہے ۔ انہوں نے کمیونٹی کے تنظیموں کے سربراہوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی تنظیم کی جانب سے والنٹیئرز کو تیار کریں اور اللہ کے مہمانوں کی خدمات کیلئے روانہ کریں۔اس موقع پر انہو ںنے تمام خدام الحجاج کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب خدمات پر صدر تلنگانہ محمد عبدالجبار کی خدمات کی ستائش کی ۔ قبل ازیںحافظ محمد ذیشان اور حافظ و قاری محمد نور نے تلاوت کلام پا ک پیش کی ۔ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میںسید محمد خالد حسین مدنی ، محمد حسن الدین انصاری ، نور محمد، مرزا محمد بیگ اور امین انصاری نے نعت کے نذرانے پیش کئے ۔مولانا حافظ و قاری محمدخلیل اللہ بشیر اویس نے حجاج کی خدمت کو عظیم کارنامہ قرار دیتے ہوئے خدام الحجاج کو مبارکباددی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کی خدمت رائیگاں نہیں جائے گی ۔انہوں نے تلنگانہ این آر آئی فورم کے ذمہ داران کو بھی دلی مبارکباد دیتے ہوئے اس کام کی ستائش کی ۔ عثمان بن یسلم بن محفوظ نے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا جبکہ فورم کے خازن محمد لئیق نے انتظامات اور شرکاءکا استقبال کیا ۔ بہترین کارکردگی پر خدام الحجاج کی پذیرائی کیلئے شیلڈ اور توصیفی سند بھی دی گئی ۔