کشمیریوں اور بنگلادیش میں محصور پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کی قراردادیں منظور، وژن 2030 ترقی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا ،شرکاء کا اظہار خیال
کمیونٹی ڈیسک ۔ جدہ
پاکستان ریپٹریشن کونسل (پی آر سی) کے زیر اہتمام سعودی عرب کے 88ویں قومی دن کے موقع پر سمینار منعقد کیا گیاجس کی صدارت سابق سعودی سفارتکار، معروف دانشور اور کالم نگار ڈاکٹر علی ال الغامدی نے کی جبکہ پاکستان جرنلسٹس فورم کے چیئرمین امیر محمد خان مہمان خصوصی تھے۔دیگر مہمانوں میں محمد جمیل راٹھور ، انجینیئرسید نصیرالدین، وصی امام، حسن نجمی، سید غضنفر حسن اور اسرار احمد خان شامل تھے۔
صدارتی خطاب میں ڈاکٹر علی الغامدی نے سمینار کا اہتمام کر نے پر پی آر سی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دن نہ صرف سعودیوں کیلئے بلکہ تمام پاکستانیوں کیلئے بھی خوشی کا دن ہے۔ انہوں نے خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وژن 2030 سے مملکت ترقی کی نئی بلندیوں سے روشناس ہو گا ۔انہوں نے 1971سے بنگلہ دیشی کیمپوں میں 3 لاکھ محب وطن پاکستانیوں کی کسمپرسی و حالت زار پر افسوس کا اظہار کیا اور وزیر اعظم عمران خان کی توجہ اس طرف مبذول کراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مسئلہ کو حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں گے ۔
امیر محمد خان نے کہا کہ سعودی عرب کے قومی دن کا جشن منانا ہماری قومی ذمہ داری ہے کیونکہ اس ملک نے ہمیشہ پاکستان اور پاکستانیوں کی مدد کی ۔
اعزاز ی مہمان ممتاز صحافی محمد عامل عثمانی نے کہا کہ وہ 45 برس سے سعودی عرب میں مقیم ہیں اور حرمین شریفین کی توسیع او رمملکت کے انفرااسٹرکچر کی ترقی کا مشاہدہ کیا ہے۔ سعودی عرب نے نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر مسلم ریاستوں کی بھی مدد کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی مڈل ایسٹ کے رہنما فرخ رشید نے سعودی قومی دن پر تقریب کو منعقد کرنے پر پی آر سی کی تعریف کی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ بنگلہ دیش میںمحصور پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی توجہ دلائیں گے۔
پاکستان قومی یکجہتی فورم کے کنوینر سید ریاض بخاری نے وژن 2030 کیلئے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف کی ۔
کشمیر کمیٹی جدہ کے رکن راجہ محمد زرین خان نے کہا کہ سعودی عرب مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ اس کے لئے کشمیر ی عوام سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔
پی ٹی آئی جدہ کے صدراحمد بشیر نے اپنے خطاب میں پاکستان کی ترقی کیلئے عمران خان کے نقطہ نظر سے مکمل اتفاق کیا۔
میمن کمیونٹی نے سرگرم رکن شیخ محمد لقمان نے کہا کہ سعودی عرب میں تقریباً نصف صدی سے مقیم ہوں اور اسے اپنا دوسراگھر سمجھتا ہوں۔
میمن ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری طیب موسانی نے سعودی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور قومی دن پر سعودی عرب کو مبارکباد دی۔
جموںو کشمیر کمیٹی اوورسیز کے رہنما خورشید احمد متیال نے کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے میں سعودی عرب کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے عاشورہ کے موقع پر مسلمانوں کے جلوس پر ہندوستانی فورسز کے ظلم و بربریت کی مذمت کی ۔
پی آر سی کے ڈپٹی کنوینرحامد الاسلام خان نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے ۔
کنوینر سید احسان نے کہا کہ پاک سعودی دوستی اسلامی اقدار پر مبنی ہے۔ اس رشتہ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ تجارت، افرادی قوت، تعلیم، صنعت، سیکیورٹی اور عام مفاد کے دیگر شعبوں میں "پاک سعودی اسٹراٹیجک کمیشن" قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔
تقریب میں نظامت کے فرائض سید مسرت خلیل نے ادا کئے جبکہ قاری محمد آصف کی قرآن کریم کی تلاوت و ترجمہ سے تقریب کا آغاز ہوا۔نعت رسول مقبول خالد جاوید نے پیش کی۔ معروف شاعر زمرد خان نے یوم الوطنی پر نظم پیش کی۔
سمینار میں 6 نکاتی قرارداد پیش کی گئی جن میں وزیراعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ "پاک سعودی اسٹراٹیجک کمیشن" کا قیام، محصورین کی واپسی اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیر کمیٹی کے قیام کے علاوہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی روکنے کیلئے فوری اقدامات کئے جانے پر زور دیا گیا تھا ۔
مزید پڑھیں:- - - - -الاحساء میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے یوم الوطنی فیسٹول