سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر آج پاکستان پہنچیں گے‘ بڑے معاہدوں کی توقع
اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطح کا سعودی وفد گزشتہ روز اسلام آباد پہنچ چکا ہے تاہم سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق وفد 6 روز پاکستان میں قیام کرے گا۔ اس دوران کئی اہم معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کو ایل این جی میں شراکت داری، داسواور دیامر بھاشا ڈیم میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔ علاوہ ازیں پاکستان کے لیے گرانٹ کا معاملہ اور اُدھار تیل سپلائی پر بھی سعودی وفد سے بات ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام اور پاکستان کو تاخیری ادائیگیوں پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سمیت 5 اہم ایم او یوز پر دستخط متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے بلوچستان کے ریکوڈک منصوبے میں سونے اور تانبے کی تلاش میں سرمایہ کاری اور پاکستان کو فاسفیٹک کھادکی فراہمی کے ایم او یوز پر دستخط کا بھی امکان ہے ۔ امکان ہے کہ سعودی وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران گوادر پورٹ اور ریکوڈک منصوبے کا دورہ بھی کرے گا۔