’’مشرف پراسرار بیماری میں مبتلا‘‘
کراچی: اے پی ایم ایل کے رہنما ڈاکٹر امجد نے انکشاف کیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف ایک نامعلوم بیماری میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے وہ تیزی سے کمزور ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر امجد نے بتایا کہ پرویز مشرف کو ہر تین ماہ بعد لندن سے اپنی بیماری کا علاج کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے ساتھ رعایت ہونی چاہے۔ وہ اس شرط پر پاکستان آ سکتے ہیں کہ ان کا فری ٹرائل ہو اور انہیں علاج کی سہولت کے لیے باہر جانے کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت نے پرویز مشرف کو عام انتخابات سے قبل پاکستان لانے کی کوشش کی تھی تاہم اس راستے میں کئی رکاوٹیں ڈال دی گئیں۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف پر 31 مارچ 2014ء کو 3 نومبر 2007ء میں آئین معطل کرنے پر فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم وہ مارچ 2016ء میں علاج کی غرض سے پاکستان سے دبئی چلے گئے اور تاحال واپس نہیں آئے۔