Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خسرہ وائرس 122 بچے کھا گیا‘ انکشاف

کراچی: محکمہ صحت سندھ کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں برس اب تک خسرہ کے وائرس سے 122 بچے اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں رواں برس 122 بچے خسرہ وائرس میں مبتلا ہوکر دم توڑ گئے تاہم حکام مزید تفصیلات سے گریز کررہے ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ صوبے میں رواں برس 290 سے زائد بچے خسرہ سے بیمار ہوئے ہیں جن کا تعلق کراچی،حیدرآباد ،سکھر سمیت دیگر اضلاع سے ہے۔ گزشتہ سال صوبے بھر میں 35 بچے خسرہ کی وجہ سے دم توڑگئے تھے ۔حکومت سندھ کے محکمہ صحت سندھ اور حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کو 122بچوںکی ہلاکت کے بعد صوبے میں انسداد خسرہ مہم چلانے کا خیال آگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں انسداد خسرہ کی مہم 15سے 27 اکتوبر تک چلائی جائے گی۔ مہم میں 9 ماہ سے 5 سال تک کے 70 لاکھ سے زائد بچوں کوخسرہ سے بچاﺅ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ ٹیکے لگانے کیلئے ویکسینیٹرز کی ٹیم تیارکرلی گئی ہے ۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ خسرے کا مرض ایک سے دوسرے بچے کو باآسانی منتقل ہوتا ہے۔ اس کی علامات میں تیز بخار، جسم پر سرخ دانوںکا آنا اور کھانسی شامل ہے۔ خسرے کا سیزن موسم سرما سے قبل شروع ہوتا ہے جو دسمبر سے شدت اختیار کرتا ہے ۔
 

شیئر: