Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہرجانہ کیس:ہندوستانی حرکت سے پاکستانی وفد کو حیرت

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تنازعات کمیٹی میں اپنا موقف پیش کر تے ہوئے ہندوستانی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے حالات ٹھیک نہیں لہٰذا ٹیم وہاں کا دورہ نہیں کرسکتی ۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے 2014ءمیں ”بگ تھری“ کی حمایت حاصل کرنے کیلئے پی سی بی کو 2015ءسے 2023ء تک 8سال میں6باہمی سیریز کھیلنے کا سبز باغ دکھایا ،ان میں سے 4 سیریز کی میزبانی پاکستان کو کرنا تھی بعد ازاں ہر بار حکومتی اجازت نہ ملنے کا جواز پیش کر تے ہوئے ہندوستانی بورڈ باہمی سیریزکھیلنے سے مسلسل انکار ی رہا،جس پرپی سی بی نے آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی سے رجوع کرکے ہرجانے کا دعویٰ کیا۔کیس کی سماعت میں بی سی سی آئی نے سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید کوپیش کیا، دیگر مصروفیات کی وجہ سے ان کا بیان سب سے پہلے ریکارڈ کیا گیا۔ہندوستانی بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ سلمان خورشید کی کمیٹی میں آمد پاکستان کرکٹ بورڈ نمائندوں کیلئے بڑی حیرت کا باعث تھی،وہ توقع نہیں کررہے تھے کہ ایک سابق وزیر خارجہ بھی بی سی سی آئی کیلئے پیش ہوسکتا ہے۔سلمان خورشید نے کمیٹی کو بتایا کہ ممبئی حملوں کے بعد شک کی انگلی پاکستان پر اٹھ رہی تھی جس کے باعث ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنے سے گریز کیا۔2014ءمیں اتحاد ی حکومت میں وزیر خارجہ رہنے والے سلمان خورشید نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات پر ہم نے دنیا کی مختلف انٹیلی جنس ایجنسیز سے رابطہ کیا، ٹیم کو بھجوانا ممکن نہیں ہو سکا۔انہوںنے یہ روایتی موقف بھی دہرایا کہ جب تک دہشت گردی ختم نہیں ہوتی باہمی کرکٹ سیریز ممکن نہیں۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار نے سلمان خورشید کے کمیٹی کے سامنے اختیار کئے جانے والے موقف کی تفصیلات میڈیا کو جاری کیں، انھوں نے کہا کہ پی سی بی کے سارے کیس کی بنیاد سابق سیکریٹری بی سی سی آئی سنجے پٹیل کی جانب سے ہونے والی ایک صفحے کی ای میل ہے،ایک تو یہ ایم او یو نہیں لہذاکوئی قانونی حیثیت نہیں، دوسرے سنجے پٹیل نے بگ تھری کی حمایت کا تقاضا کیا تھا جبکہ پی سی بی نے اس کیخلاف ووٹ دیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے اپنے د فاع کیلئے اپنے سابق صدر اور موجودہ چیئرمین آئی سی سی ششانک منوہر،سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر سندر رامن، سابق جنرل منیجر رتناکر شیٹی،سابق سیکریٹری سنجے پٹیل کے نام بھی دے رکھے ہیں،ان سب کے نام اس تنازع سے کسی نہ کسی طرح جڑے ہوئے ہیں تاہم ابھی تک سلمان خورشید کا کمیٹی میں دیا گیا بیان ہی سامنے آیا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: