راجکوٹ ٹیسٹ:ہند کے649 رنز، ویسٹ انڈیزکیلئے مشکلات
راجکوٹ: ہندوستانی بیٹسمینوں کے بعد بولرز نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈین ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں سخت مشکلات سے دوچار کر دیا اور ہند کی پہلی اننگز 649رنز کے جواب میں مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 96رنز پر 6وکٹوں سے محروم ہو چکی ہے اور فالو آن سے بچنے کیلئے غیر معمولی کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔ 2ٹیسٹ کی سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے دن کا کھیل خراب موسم کی وجہ سے قبل ازوقت ختم کیا گیا تو روسٹن چیز 27اور کیم پال13رنز پر کھیل رہے تھے ۔ ہند کی جانب سے فاسٹ بولر محمد شامی نے 2جبکہ ایشون ، جدیجہ اوریادو نے ایک، ایک وکٹ لی۔ قبل زیں ہندوستانی ٹیم نے پہلے دن کے اسکور 364رنز 4کھلاڑی آوٹ پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان ویرات کوہلی اپنی24ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ رویندر جدیجہ نے100رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی پہلی سنچری بھی ہے لیکن وکٹ کیپر رشبھ پنت8رنز کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر پائے ۔ وہ 92رنز پر آوٹ ہوئے ۔ ویرات کوہلی نے 139رنز بنائے جس میں10چوکے شامل تھے ۔ جدیجہ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 5-5چھکوں اور چوکوں کی مدد132گیندوں پر سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے ۔ان سے پہلے رشبھ پنت نے بھی عمدہ اننگز کھیلی اور 92رنز بنائے تاہم سنچری مکمل نہ کر سکے ۔امیش یادو22،ایشون7اور کلدیپ یادو نے12رنز کا حصہ ڈالا۔کپتان کوہلی نے جدیجہ کی سنچری مکمل ہونے کا انتظار کیا اور پھر 9وکٹوں پر اننگز ڈیکلیئر کردی۔اس وقت مجموعی اسکور649رنز تھا۔ ویسٹ انڈین اسپنر دیوندرا بشو نے4،پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے شرمن لیوس2 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے ۔ ایک، ایک کھلاڑی کو شینن گیبریئل ، روسٹن چیز اور کریگ برتھویٹ نے آوٹ کیا ۔ویسٹ انڈین بڑے اسکور کے دباو اور ہندوستانی بولرز کاسامنا نہ کر سکی۔ فاسٹ بولر محمد شامی نے یکے بعد دیگرے اوپنرز کو آوٹ کیا تو اسکور صرف7رنز تھا۔اس کے بعد اسپنرز نے بیٹسمینوں کو ہدف بنا لیا اور 74کے مجموعی اسکور تک مزید4وکٹیں گرا دیں۔اس کے بعد روسٹن چیز اور کیمو پاول اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کررہے تھے اسکور96رنز تک پہنچ چکا تھا کہ خراب موسم کی وجہ سے کھیل وقت سے پہلے ختم کردیا گیا ۔ شامی نے11رنز دے کر2وکٹیں لیں۔ ویسٹ انڈیز کو فالو آن سے بچنے کیلئے 300رنز بنانے ہوں گے جبکہ ہند کا اسکور برابر کرنے کیلئے اسے555رنز کی ضرورت ہے اور اس کی صرف4وکٹیں باقی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم اس میچ پر کنٹرول حاصل کر چکی ہے اور موسم آڑے نہ آیا تو ویسٹ انڈیز کیلئے شکست سے بچنا مشکل نظر آرہا ہے۔دوسرا ٹیسٹ 12اکتوبر سے حیدرآباددکن میں کھیلاجائے گا۔اس کے بعد11نومبر تک 5ون ڈے اور 3ٹی ٹوئنٹی میچ دورے میں شامل ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں