25ڈاکٹروں کو دھوکہ دینے والا گروہ گرفتار
نئی دہلی۔۔۔۔غیر تعلیم یافتہ اور کم پڑھے لکھے لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں مگر اب تعلیم یافتہ اور پڑھے لکھے معاشرے کے معز ز افراد بھی دھوکہ بازوں کا شکار ہورہے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ سامنے آیا جس میں ڈاکٹروں کو نشانہ بنایا گیا۔ اطلاع کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے ایک نوجوان نے ملک کے25ڈاکٹروں کو مرکزی وزیر کی جانب سے نیشنل ہیلتھ کیئر ایوارڈ دینے کا جھانسہ دیکر خطیر رقم اینٹھ لی۔اس واقعہ کا انکشاف اس وقت ہوا جب دہلی ، راجستھان، بنگلوراور حیدرآباد شہروں سے ڈاکٹروں کا گروپ مغربی دہلی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل پہنچا۔ جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ مرکزی وزیر کی جانب سے دعوت نامہ موصول ہونے پر آئےہیں۔ایوارڈ دینے کیلئے ہریانہ کے مقامی پاپ سنگر کو بلایا گیاتاہم منتظمین کا کہیں پتہ نہیں۔ تھوڑی دیر انتظار کے بعد چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں۔وہاں موجود ڈاکٹروں کی اطلاع پر اوکھلا انڈسٹری پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او مکیش والیانے اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ کر واقعہ کے بارے میں معلومات حاصل کی۔پولیس نے اس سلسلے میں6ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ان میں ایم ٹیک کا طالب علم رامیندر کمار راج اور بی ایڈ کرنے والی اہلیہ شامل ہے۔ڈیس ایس پی چنمے بسوال نے بتایا کہ یہ منظم گروہ ایک کمپنی قائم کرکے ہر سال ملک کے مختلف شعبوں کے افراد کو ممتاز اور نامور ہستیوں کے ہاتھوں ایوارڈ پیش کرنے کے نام پر تقریب منعقد کرتے تھے۔گزشتہ برس تعلیم کے شعبے میں لوگوں کو ایوارڈ دلانے کیلئے محفل آراستہ کی تھی ۔ اس مرتبہ گوگل سے ملک کے تمام ڈاکٹروں کی فہرست حاصل کرکے ان سے رابطہ کیا۔ ان میں سے 25ڈاکٹروں کو ایوارڈ دینے کیلئے اپنے جال میں پھنسا لیا اور فی کس 50ہزار روپے تک اینٹھ لئے ۔پولیس نے گرفتار شدہ ملزمان سے پوچھ گچھ شروع کردی اور دیگر افراد تک رسائی حاصل کرنے کارروائی شروع کردی۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں‘‘
رائے دیں، تبصرہ کریں