آئی جی پنجاب کی تعیناتی‘ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور الیکشن کمیشن میں تناﺅ
جمعرات 11 اکتوبر 2018 3:00
اسلام آباد: انسپکٹر جنرل پنجاب کے تبادلے سے متعلق نوٹی فکیشن کے اجرا اور اس کی معطلی کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور الیکشن کمیشن کے درمیان معاملات تناﺅکا شکار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے آئی جی پنجاب محمد طاہر کو ہٹانے اور ان کی جگہ امجد جاوید سلیمی کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے وضاحت طلب کی تھی۔ تازہ صورت حال کے مطابق آئی جی پنجاب کی معطلی پرمختلف موقف ہونے کی وجہ سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تاحال آئی جی پنجاب محمد طاہرکوہٹانے کانوٹیفکیشن واپس نہیں لیا اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے الیکشن کمیشن کو جوابی مراسلہ بھجوایاہے کہ الیکشن کمیشن آئی جی پنجاب کے تبادلے کی معطلی کانوٹیفکیشن واپس لے ۔ مراسلے میں کہا گیاکہ آئی جی کا تبادلہ صوبے کی معاونت کے ساتھ کیا گیاتھا تاہم تبادلے کے نوٹی فکیشن کے وقت تک الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرر و تبادلوں پر پابندی کا کوئی خط موصول نہیں ہوا تھا۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن کا خط اب موصول ہوا ہے تو 14اکتوبر ضمنی انتخابات تک تمام تقرروتبادلوں پر پابندی ہو گی۔