Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ لاہور سے اسلام آباد منتقل

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے تمام 6 ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20 نومبر کو لاہور کے بجائے اسلام آباد میں ہوگی۔پی ایس ایل کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل ایونٹ کی سرگرمیوں میں مزید شہروں کو شامل کرنے کی غرض سے لاہور سے اسلام آباد منتقل کیاگیا ہے۔خیال رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل سمیت 8 میچ پاکستان میں رکھے گئے ہیں جو کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ اسلام آباد پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی میزبانی کرنے والا دوسرا شہر بن گیا ہے۔اس سے قبل پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ لاہور میں ہوئی تھی۔ منتظمین کے مطابق ڈرافٹنگ کے عمل سے قبل پی ایس ایل کی تمام 6 ٹیمیں اپنے کھلاڑیوں کو 13 نومبر تک برقرار رکھ سکیں گی اور 12 نومبر کے بعد یہ موقع ختم ہوجائے گا۔پی ایس ایل کے رواں سیزن کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہر ٹیم کم ازکم 10 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکتی ہے۔ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن کے سرفہرست کھلاڑیوں میں اے بی ڈی ویلیئرز، اسٹیواسمتھ، کیرون پولارڈ، کولن منرو، شین واٹسن، سنیل نرائن، کرس لین اور ڈیرن سیمی شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کے گزشتہ سیزن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو رواں سیزن کے لیے برقرار رکھنے کے علاوہ تبادلہ یا ڈرافٹ کے لیے بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔پاکستان سپرلیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری 2019 ءکو امارات میں ہوگا جہاں گزشتہ برس کی طرح 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پی ایس ایل کا آغاز چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد پر مشتمل 5 ٹیموں سے ہوا تھا لیکن گزشتہ برس ملتان سلطان کا اضافہ کیا گیا تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے بعد دوسرا سیزن پشاور زلمی کے نام رہا تاہم تیسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دوبارہ چیمپیئن بن گئی اور اب اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: