الٰہ آباد کا نام تبدیل کرنے سے اس کی شناخت متاثرہوگی، کانگریسی ترجمان
لکھنؤ۔۔۔۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے الٰہ آباد کا نام تبدیل کر کے پریاگ رکھے جانے کے معاملے پر کانگریس نے کہا کہ تہذیب و روایات اور تاریخی اہمیت کا حامل مشہور و معروف اور بے شمار خوبیوں سے مالا مال اس شہر کا نام تبدیل کرنے سے اس کی شناخت متاثر ہوگی۔ریاستی کانگریس کے ترجمان اونکار ناتھ سنگھ نے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ پہلے سے ہی کمبھ کا انعقاد پریاگ کے علاقے میں ہوتا ہے۔ یہ علاقہ تقریباً 20 سے 22 کلو میٹر رقبے پرپھیلا ہوا ہے۔ حکومت پریاگ راج کا اعلان کرنا چاہتی ہے تو پھر جس طرح سے الٰہ آباد کے بعض حصوں کو علیحدہ کر کے کوشامبی ضلع بنایا گیا ہے، اسی طرح سے کچھ حصے الگ کر کے پریاگ کوعلیحدہ ضلع بنایا جا سکتا ہے لیکن الٰہ آباد کے نام کو ختم کرنا تحریک آزادی کی تاریخ کے ساتھ کھلواڑکے مترادف ہوگا جسے ریاست اور ملک کی عوام قبول نہیں کریں گے۔سنگھ نے کہا کہ اگر الٰہ آباد کا نام پریاگ رکھا جاتا ہے تو الٰہ آباد یونیورسٹی کا نام بھی پریاگ یونیورسٹی ہوگا۔ اس صورتحال میں عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹی اپنی شناخت کھو دیگی اور وہاں کے فارغ ہونیوالے طلبا اور اسکالرز کووہ مقام نہیں مل پائے گا جو الٰہ آباد یونیورسٹی کے نام سے حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ الٰہ آباد کا امرود مشہور ہے اور الٰہ آبادی امرود کے نام سے باہر کے بازاروں میں فروخت کیا جاتا ہے، ایسے میں جب الٰہ آباد ہی نہیں رہے گا تو اس کا برانڈ تو متاثر ہوگا ہی اور وزیر اعلیٰ کی ون انڈسٹری ون پروڈکٹ کی اسکیم بھی اس سے متاثر ہوگی۔ علاوہ ازیں دیگر تمام معاملات متاثر ہونگے اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑیگا۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں