نواز، مریم اور صفدر کی رہائی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (ناب) نے سابق وزیر اعظم نوازشریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ریٹائرڈ ) صفدر کی سزا معطلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف، مریم اور کیپٹن صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر 19 ستمبر کو فیصلہ سناتے ہوئے تینوں کی سزا معطل کردی تھی اور تینوں کی رہائی کا حکم دیا تھا جس کے بعد نیب کی جانب سے عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیب کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ نے مقدمہ کے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا۔ ہائیکورٹ نے اپیل کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں سننے کاحکم دیا تھا، ہائیکورٹ نے اپنے ہی حکم نامے کے برخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔ لہٰذا ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔