وزیر اعظم نریندر مودی’ ’ سیول امن ایوارڈ‘‘ کے لئے منتخب
نئی دہلی ۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے مخصوص اقتصادی پالیسیاں اپناکرہندوستانی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔انہیں عالمی امن وامان میں اہم کردار ادا کرنے پر ’’سیول پیس ایوارڈ‘ ‘ 2018 کے لئے منتخب کیا گیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے آج ٹوئٹر پر یہ اطلاع دیتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم مودی کو ان کی مخصوص اقتصادی پالیسیوں’ ’مودی نامکس‘ ‘کے ذریعے عالمی اور ہندوستانی معیشت کی ترقی اور عالمی امن، انسانی ترقی میں بہتری اور ہندوستان میں جمہوریت کو مضبوط کرنے پر ایوارڈ سے نوازا جائیگا۔سیول پیس ایوارڈ کلچرل آرگنائزیشن نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں اس ایوارڈ کا اعلان کیا۔مودی کو اس ایوارڈ کے تحت شیلڈ کے ساتھ 2 ملین ڈالر یعنی تقریباً 46.1کروڑ روپے کی رقم پیش کی جائیگی۔واضح ہو کہ وزیر اعظم مودی سیول پیس ایوارڈ حاصل کرنے والے 14 ویں شخصیت ہیں۔ اس ایوارڈ کو حاصل کرنے والوں میں اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل کوفی عنان اور بین کیمون بھی شامل ہیں۔اس سال یہ دوسرا موقع ہے جب مودی کو بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ماحولیات کے شعبے میں تعاون پروزیر اعظم کو اسی سال اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین ایوارڈ ’’چمپئن آف دی ارتھ ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔