پی آئی اے : غلطی پر غلطی‘ اتفاق یا بدانتظامی
اسلام آباد: پاکستان کی قومی ائرلائن نے بدانتظامی کی ایک اور مثال دیتے ہوئے اپنی لاجواب سروس پر ایک اور داغ لگا لیا۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ افغان سفیر کا سوٹ کیس گم کردیا جس پر پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زخیل وال نے ٹوئٹر پر پوسٹ کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق افغان سفیر نے ٹویٹر پیغام میں پی آئی اے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی ہفتے میں اسلام آباد سے کابل کی پرواز میں پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن نے دوسری مرتبہ میرا سوٹ کیس گم کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیا یہ محض اتفاق ہے یا ادارے کی بدانتظامی ہو سکتی ہے؟۔
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے وضاحت دی ہے کہ افغان سفیر کا سوٹ کیس غلطی سے لندن کی پرواز میں شامل ہوگیا، تاہم جیسے ہی پرواز ہیتھرو ائرپورٹ پر پہنچے گی تو اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کر لیں گے۔