الیکٹرانک آلات، گھڑیوں، چشموں کی سعودائزیشن 10دن بعد شروع
جدہ۔۔۔۔الیکٹرانک و برقی آلات، گھڑیوں اور چشموں کی دکانوں پرسعودی ملازمین کی تقرری کا قانون 10روز بعد نافذ کردیا جائیگا۔ مذکورہ تینوں قسم کی دکانوں کی سعودائزیشن کا آغاز یکم ربیع الاول 1440ھ سے ہوگا۔ وزارت محنت و سماجی بہبود نے یاددہانی کرائی ہے کہ یہ فیصلہ سعودی خواتین و حضرات کو مذکورہ شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا ماحول برپا کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔وزارت محنت نے بتایا ہے کہ طبی آلات ، تعمیراتی سامان ، گاڑیوں کے فاضل پرزوں اور ہر طرح کے قالینوں اور مٹھائیوں کی دکانوں کی سعودائزیشن یکم جمادی الاول 1440ھ سے شروع کردی جائیگی۔گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں کی دکانوں، ملبوسات کی دکانوں، گھریلو و دفتری فرنیچرز اور باورچی خانے کا سامان فروخت کرنے والی دکانوں کی سعودائزیشن کے فیصلے پر یکم محرم 1440ھ سے نافذ العمل ہے۔ اس مقصد کیلئے وزارت محنت اور فروغ افرادی فنڈ ’’ہدف‘‘اور سماجی فروغ بینک کی نمائندہ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ اس کمیٹی کے ارکان مندرجہ بالا شعبوں کی سعودائزیشن کے پروگرام کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔ طے کیا گیا ہے کہ سعودیوں کیلئے مخصوص پیشوں پر غیر ملکی ملازم رکھنے والوں کے خلاف باقاعدہ تادیبی کارروائی ہوگی۔