سعودیوں کیلئے ائیرپورٹ ویزہ منسوخ نہیں کیاگیا، ترک حکام
ریاض- - - -ترک حکومت نے واضح کیا ہے کہ سعودیوں کیلئے ائیرپورٹ ویزہ منسوخ نہیں کیا گیا۔ یہ یقین دہانی ترک ائیرلائنز اور ریاض میں ترک سفارتخانے کے عہدیدار وں نے ان اطلاعات کے جواب میں باقاعدہ بیان جاری کر کے کی ہے۔ جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ترکی نے اپنے ہوائی اڈوں سے خودکار ویزوں کے اجراء کیلئے مخصوص مشینیں ہٹا لی ہیں۔ آئندہ سعودی شہریوں کو ائیرپورٹ پر ویزہ نہیں ملے گا۔ اس کی کارروائی انہیں ترکی جانے سے پہلے کرنی ہوگی۔ ترک حکام نے توجہ دلائی کہ استنبول کے اتاترک ائیرپورٹ سمیت متعدد ہوائی اڈوں سے صرف 10مشینیں ہٹائی ہیں۔ ان کی جگہ ویزوں کے اجراء کیلئے خصوصی کاؤنٹر کھول دیئے گئے ہیں۔ ویزو ںکے سلسلے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ استنبول ائیرپورٹ سے جو مشینیں ہٹائی گئی ہیں۔ ان کا ویزہ پالیسی سے کوئی تعلق نہیں۔ ترک سفارتخانہ نے اطمینان دلایا کہ جن ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزوں کی سہولت تھی وہ آئندہ بھی رہے گی کوئی بھی شخص ترکی پہنچ کر 3منٹ کے اندر اندر آن لائن ویزہ حاصل کر سکتا ہے۔