کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے گزشتہ روز سٹی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کراچی کے شہریوں کو خوش خبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے شہر قائد کی ترقی کے لیے 10 ارب روپے وصول ہو چکے ہیں جس کے بعد منصوبوں پر کام شروع ہوگیا ہے۔
وسیم اختر نے کہا کہ اس کامیابی میں کونسل کے تمام ارکان کی محنت شامل ہے جن میں سخی حسن چورنگی، فائیواسٹار چورنگی اور کے ڈی اے چورنگی پر فلائی اوورز کی تعمیر سمیت منگھوپیر اور نشتر روڈ جبکہ فائر بریگیڈ کے لیے 2 ارب روپے کی لاگت سے انتہائی ضروری سامان حاصل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر وزیراعظم عمران خان کا مشکور ہوں کہ اہوں نے کراچی کے لیے اس رقم کو جاری کرانے میں جو ن لیگ کی حکومت نے منظوری دی تھی اسے ریلیز کرانے میں ہماری مدد کی اور ساتھ ہی میری درخواست پر اپنی حکومت کی جانب سے بھی کراچی کے لیے مزید ترقیاتی پیکیج دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
میئر کراچی نے بتایا کہ یہ منصوبے مارچ 2019ء میں مکمل ہوجائیں گے۔ کراچی کے لیے اس ترقیاتی پیکیج کا کریڈٹ پورے سٹی کونسل کے ایوان کو جاتا ہے کہ انہوں نے میرے ہاتھ مضبوط کیے اور آج کراچی پر یہ رقم لگ رہی ہے۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن بھی موجود تھے ۔
مزید پڑھیں:- - - - فائرنگ کے ملزم کی جرگے میں فائرنگ‘ 4 ہلاک