سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو بردیا‘ رہائی کا حکم
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے توہین رسالت کے الزام میں موت کی سزا پانے والی آسیہ بی بی کو بری کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی زیر سربراہی جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل 3 رکنی خصوصی بینچ نے توہین رسالت کیس میں سزائے موت پانے والی آسیہ بی بی کی جانب سے سزا کے خلاف اپیل پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے آسیہ بی بی کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر آسیہ بی بی کسی دوسرے کیس میں مطلوب نہیں تو فوری طور پر رہا کردیا جائے۔ واضح رہے کہ آسیہ بی بی پر جون 2009ء میں ایک جھگڑے کے دوران نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں توہین آمیز جملے استعمال کرنے کا الزام تھا، جس پر 2010ء میں لاہور کی ماتحت عدالت نے اسے موت کی سزا سنائی تھی۔ بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے آسیہ بی بی کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کردی تھی جس پر ملزمہ نے سپریم کورٹ میں درخواست کی تھی۔