ریاض۔۔۔سعودی وزارت انصاف نے لیبر کورٹس میں مقدمات دائر کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا۔ طریقہ کار 3زمروں پر مشتمل ہے۔ پہلے زمرے میں قانون محنت کے ماتحت آنے والے ملازمین کے مقدمات کو رکھا گیا ہے۔ اس کی بابت وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ قانون محنت کے دائرے میں آنے والے ملازمین کے دعوے دو مرحلوں میں نمٹانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں آجر یا اجیر کو متعلقہ مکتب العمل سے رجوع کرنا ہوگاجہاں سعودی کابینہ کی ہدایات کے مطابق تنازع افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے لئے انتہائی مدت 21روز مقرر کی گئی ہے۔ مذکورہ مدت کے دوران فریقین میں مصالحت نہ ہونے پر متعلقہ مکتب العمل مقدمہ آن لائن لیبر کورٹ بھجوا دے گا۔ جہاں مقدمے کی کارروائی قانون کے مطابق انجام دی جائے گی۔ دوسرے زمرے میں گھریلو ملازمین اور ان کے تحت آنے والے کارکنان کے مقدمات کو شامل کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ ان کے مقدمات نمٹانے کیلئے بھی 2مرحلے رکھے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں گھریلو کارکن یا اس کے دائرے میں آنے والا ملازم یا آجر گھریلو عملے کے تنازعات نمٹانے والی کمیٹی سے رجوع کرے گا۔ یہ کمیٹی 5روز کے اندر اندر فریقین میں مصالحت کی کوشش کرے گی۔ اگر فریقین میں صلح نہیں ہو سکے گی تو کمیٹی 10روز کے اندر اندر تنازع کی بابت فیصلہ جاری کر دے گی۔ اگر گھریلو کارکن کا مقدمہ متعلقہ کمیٹی کے یہاں طے نہ پا سکا ہو تو ایسی صورت میں لیبر کورٹ اس فریق سے استغاثہ کی درخواست وصول کر لے گی جس کے خلاف فیصلہ ہوا ہوگا۔ متعلقہ فریق کو متعلقہ کمیٹی کے فیصلے پر اعتراض کیلئے لیبر کورٹ سے آن لائن رجوع کرنا ہوگا۔ رجوع کرنے پر عدالتی کارروائی معمول کی شکل میں مکمل کی جائے گی۔ تیسرے زمرے میں سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلوں سے آجر او راجیر کی شکایات والے تنازعات کو رکھا گیا ہے۔ وزارت انصاف نے ان تنازعات کو نمٹانے کیلئے 3مرحلے متعین کئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں کارکن یا آجر سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن کے متعلقہ شعبے سے رجوع کرے گا۔ دوسرے مرحلے میں سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن کے متعلقہ ادارے کے فیصلے پر اعتراض کا موقع دیا جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں تنازع استغاثہ کی شکل اختیار کرے گا۔ یہ اس صورت میں ہوگا جبکہ سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن نے آجر یا اجیر کا پیش کردہ اعتراض مسترد کر دیا جائے گا۔ اس طرح لیبر کورٹس سے آن لائن رجوع کر کے مقدمہ دائر کیا جائے گا۔ وزارت انصاف نے خبردار کیا ہے کہ لیبر کورٹس گھریلو عملے کی کمیٹیوں اور سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن کے فیصلوں کے خلاف اعتراضات اس وقت تک براہ راست وصول کریں تا وقتیکہ کارکنان کے تنازعات نمٹانے کیلئے مخصوص ای گیٹ کااجراء عمل میں نہ آجائے۔