ون ڈے سیریز:ہند نے ویسٹ انڈیز کو 1-3سے ہرا دیا
تریوندرم پورم: ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ون ڈے سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میںویسٹ انڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-3سے جیت لی جبکہ سیریز کا ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔آخری ون ڈے کے دوران ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن ہندوستانی بولرز کا مقابلہ نہ کر سکی اور 31.5اوور میں 104رنز ہی بنا ئے جاسکے۔ ویسٹ انڈیز کے صرف3 بیٹسمین ڈبل فگرز میں پہنچ سکے اور 25رنز کے ساتھ کپتان جیسن ہولڈر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ مارلن سیموئلز نے24اور رومان پاول نے16رنز بنائے۔ 3کھلاڑی صفر پر آوٹ ہونے کے بعد واپس لوٹ گئے۔ہندوستانی اسپنرز رویندر جڈیجہ34رنز دے کر 4وکٹیں لیتے ہوئے سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ خلیل احمد اور جسپریت بمرا نے 2-2اور بھونیشور کمار کے علاو ہ کلدیپ یادو نے ایک، ایک وکٹ لی۔ 105رنز کا ہدف ہندوستانی ٹیم نے 14.5اوورز میں حاصل کرلیا ۔ ہند کی صرف ایک وکٹ گری ۔ آوٹ ہونے والے کھلاڑی شیکھر دھون تھے جنہیں 6رنز پر اوشین تھامس نے بولڈ کیا۔روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی نے 63اور33رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے 105رنز مکمل کرلئے اور میچ میں فتح سمیٹتے ہوئے سیریز بھی جیت لی۔ رویندر جڈیجہ کو مین آف دی میچ اور ویرات کوہلی کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا ۔4نومبرسے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوگا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں