Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت اور مظاہرین میں معاہدہ،دھرنے ختم

اسلام آباد...تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان احتجاجی مظاہرہ ختم کرنے کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا دھرنے اور مظاہرے ختم ہوگئے ۔معاہدے پر حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری اور صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت جبکہ تحریک لبیک کی طرف سے سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری اور محمد وحید نور کی جانب سے دستخط کئے گئے ۔ معاہدے کے مطابق آسیہ مسیح کے مقدمے میں نظر ثانی اپیل دائر کر دی گئی جو مدعا الیہان کا قانونی حق و اختیار ہے جس پر حکومت معترض نہیں ہو گی ۔ معاہدے میں کہا گیا کہ آسیہ مسیح کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے کارروائی کی جائیگی ۔ آسیہ مسیح کی بریت کیخلاف اگر کوئی شہادتیں ہوئی ہیں تو فوری قانونی کاروائی کی جائیگی ۔ معاہدے میں کہا گیا کہ 30 اکتوبر کے بعد جو گرفتاریاں ہوئی ہیں ۔انہیں فوری رہا کیا جائیگا ۔ اس وا قعہ کے باعث کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو تحریک لبیک معذرت خواہ ہے ۔دریں اثناو آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ پر جمعہ کو ملک بھر میں تیسرے دن بھی مظاہرے جاری رہے ۔ تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند رہے۔ ماتحت عدالتوں میں قیدیوں کو پیش نہیں کیا جاسکا ۔ ہزاروں مقدمات التوا کا شکار ہوگئے ۔ مظاہروں کے باعث ملک کے4 شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گوجرنوالہ میں موبائل فون سروس معطل رہی ۔
 

شیئر: