کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا پاکستان میں شیلٹر اور ونٹر کِٹس کی تقسیم کا آغاز
جمعرات 30 جنوری 2025 19:08
ونٹر پیکیج میں 2 عدد رضائیاں، مردانہ، زنانہ گرم شالیں اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم ملبوسات شامل بیں۔ فوٹو: کنگ سلمان ریلیف سینٹر
کنگ سلمان (شاہ سلمان) ریلیف سینٹر نے پاکستان میں سال 2025 کے لیے شیلٹر اور ونٹر کِٹس کی تقسیم کے پروجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں کمزور طبقات کی مدد کے لیے اپنی سالانہ انسانی ہمدردی کی مہم کے تحت 84,500 شیلٹر اور ونٹر کٹس کی تقسیم کے ایک اہم منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں ایک باضابطہ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین اور کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر پاکستان کے ڈائریکٹر عبداللہ البقمی نے سرکاری طور پر ونٹر پیکجز کی ترسیل کا افتتاح کیا۔
پروجیکٹ کے پہلے مرحلے میں پاکستان کے 50 سرد ترین اور برف سے ڈھکے اضلاع کے رہائشیوں میں 50 ہزار ونٹر کٹس کی تقسیم كی جاری ہے جس میں خیبر پختونخوا میں 16,000 کٹس، بلوچستان میں 12,000، گلگت بلتستان میں 10,000، جموں و کشمیر میں 6,000، سندھ میں 4,000، اور پنجاب میں 2,000 کٹس مختص ہیں۔
ونٹر پیکیج میں 2 عدد رضائیاں، مردانہ، زنانہ گرم شالیں اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم ملبوسات شامل بیں۔
باقی 34,500 شیلٹر کٹس کو آفات کے ردعمل کے لیے سٹریٹجک طور پر مختص کیا جائے گا، اور ان کی تقسیم تین اضافی مراحل میں کی جائے گی، جو دسمبر 2025 تک مکمل ہو گی۔
شفافیت اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے یہ منصوبہ اہم شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون میں انجام دیا جائے گا، جن میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور مقامی انتطامیہ شامل ہیں۔
ان مشترکہ کاوشوں سے 591,500 سے زائد افراد کو فائدہ پہنچانے کی توقع ہے، جو پاکستان بھر میں ضرورت مندوں کی مشکلات کو کم کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔