4نومبر2018ء اتوار کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے عربی اخبار’’البلاد‘‘ کا اداریہ نذر قارئین
عرب اتحاد برائے یمن کے فضائی سائبان تلے یمن کی سرکاری افواج الحدیدہ کو آزاد کرانے کیلئے پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔وہ الحدیدہ کے مشرقی گیٹ پر کنٹرول حاصل کر چکی ہیں ۔ یمن کے ساحلی شہر اور اس کی اسٹراٹیجک بندرگاہ کی بازیابی کیلئے وسیع البنیاد عسکری آپریشن رواں دواں شکل میں آگے بڑھا رہی ہیں ۔ یمنی عوام کو حوثیوں کے چنگل سے نجات دلانے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگائے ہوئے ہیں کہ حوثیوں نے یمنی عوام کو اپنے سنگین جرائم سے مصائب کے بھنور میں پھنسا رکھا ہے ۔ فرقہ وارانہ فتنہ ، دہشتگردی ، ایرانی ملائوں کے حمایت یافتہ حوثیوں کی دین ہیں ۔ حوثی علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو بھی خطرات سے دوچار کئے ہوئے ہیں ۔ سعودی عرب کو بھی ایرانی ساختہ بیلسٹک میزائلوں کا ہدف بنا رہے ہیں ۔
ایرانی حوثیوں کے جرائم اور جارحانہ حملوں کی مذمت عالمی برادری بھی کر رہی ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے حوثیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بیلسٹک میزائل حملے بند کریں ۔ مملکت کے خلا ف ہر طرح کی جارحیت ختم کریں۔ دریں اثناء امریکہ نے واضح کیا ہے کہ وہ کل سے ایران پر پابندیوں کا دوسرا دور شروع کریگا۔ اسکے تحت 700ایرانیوں اور اداروں کو بلیک لسٹ کیا جائیگا ۔ ایران پر امریکی پابندیوں اور دبائو کا دائرہ وسیع کیا جائیگا۔ایرانی نظام کو دندان شکست سبق سکھایا جائیگا ۔ یمن میں توسیع پسندانہ سازش بند کرائی جائیگی ۔ سیاسی مساعی میں تعطل سے حوثیوں اور ایرانیوں کو روکا جائیگا ۔