Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ نے پھر ڈومور کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد....امریکہ نے پاکستان سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کا مطالبہ کردیا ۔ منگل کوامریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کی ۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ وزارت خزانہ حکام کے مطابق ملاقات میں پاک امریکہ دو طرفہ اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ا س موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔ پاکستان منی لانڈرنگ کو روکنے کے لئے بھر پور اقدامات جاری رکھے گا ۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنے کے لئے کارروائیاں جاری رہیں گی ۔ا مریکی نائب سیکرٹری ا یلس ویلز نے کہا کہ علاقائی امن و امان کے لئے دو طرفہ اور بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ امریکہ خطے میں امن کا خواہاں ہے ۔۔ امریکی وفد نے پاکستان کےساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطہ کا اہم ملک ہے، اجلاس میں علاقائی صورتحال کا جائزہ لیاگیا اور افغانستان میں امن و استحکام پر بھی گفتگو کی گئی۔ بیان کے مطابق فریقین نے خطہ میں امن و استحکام کے مشترکہ مقاصد اور دوطرفہ تعلقات کو متنوع بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھنے سے اتفاق کیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ اس طرح کے دوروں سے دوطرفہ اہمیت کے ایشوز پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں دہشت گردی کےخلاف اہم پیشرفت کی ہے۔ ایلس ویلز نے وزیرخزانہ کو علاقائی سلامتی کیلئے امریکی کوششوں سے آگاہ کیا۔پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اورکثیرجہتی تعاون کی اہمیت اجاگرکی۔

شیئر: