ڈی جی نیب کا انٹرویو: قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی تحریک استحقاق جمع
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے ڈی جی نیب کے ٹی وی پر انٹرویو کے معاملے پر اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک استحقاق جمع کرا دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں حزب اختلاف کی جانب سے ڈی جی نیب کے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ارکان اسمبلی کا میڈیا ٹرائل کیے جانے کی بنیاد پر تحریک استحقاق لانے کا مطالبہ کیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر نیب ہی کا ایک افسر ارکان اسمبلی کا میڈیا ٹرائل کررہا ہے اور جو باتیں وہ کرتا ہے، وہی وزرا بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کی واضح ہدایات ہیں کہ تفتیشی ادارے کسی کوبے عزت نہیں کر سکتے۔ لہٰذا نیب افسر کے خلاف تحریک استحقاق لی جائے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ اگر ارکان کے میڈیا ٹرائل کا اجازت دی گئی تو یہ سلسلہ آیندہ بھی جاری رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا نیب کی اب یہ پالیسی بن چکی ہے کہ وہ صرف میڈیا ٹرائل کریں گے جس پر اسپیکر نے کہا کہ تحریک استحقاق کی فائل آنے پر قانونی رائے لی جائے گی۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ کسی کو ایم این اے ہونے کی وجہ سے چھوٹ نہیں دی جاسکتی۔ تحریک استحقاق کا ہتھیار استعمال کرکے کیس پر اثرانداز ہونا درست نہیں۔ بعد ازاں اپوزیشن نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک استحقاق جمع کروادی۔