Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ میں تعینات سیکورٹی اہل کاروں کی اسکروٹنی

اسلام آباد:  توہین رسالت کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے کے تناظر میں عدالت عظمیٰ میں سیکورٹی اہل کاروں کی اسکروٹنی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ میں 239 سیکورٹی اہل کار تعینات ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس اور دیگر ججز کے ساتھ ڈیوٹی دینے والے سیکورٹی اہلکاروں کی اسکروٹنی مکمل ہوگئی ہے ۔ جس کے بعد سپریم کورٹ میں تعینات تمام اہلکاروں کی اسکروٹنی آئند ہ ہفتے مکمل کرلی جائے گی۔ اس حوالے سے اہلکاروں سے تحریری سوالنامہ اور انٹرویو بھی لیا جارہا ہے۔ پولیس اہلکاروں سے دینی رجحانات اور اہلخانہ سے متعلق سوالات بھی پوچھے گئے ہیں۔ سوال نامے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی اور اہلکاروں کے مسلک کے بارے میں بھی پوچھا گیا ہے ۔
ڈی آئی جی وقار چوہان کی زیر سربراہی 6 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں اے آئی جی اسپیشل برانچ، ایس ایس پی سیکورٹی، ایس پی سپریم کورٹ اور 2 ماہر نفسیات شامل ہیں۔ اسکروٹنی مکمل ہونے پر اہلکاروں کے متعلق تفصیلی رپورٹ تیار کی جائے گی اور مشکوک نظر آنے والے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں تبدیل کر دی جائیں گی۔

شیئر: