گرتے بالوں کی پریشانی سے نجات پائیں
بالوں کا گرنا ایک ایسا مسئلہ ہے جس سے اکثر خواتین دوچا رہتی ہیں ۔ یہ پریشانی کا باعث بھی بنتا ہے اور حسن میں کمی کا بھی ۔ عام طور پر خواتین میں ہارمونز کا عدم توازن ، سمارٹ ہونے کے چکر میں ڈائیٹنگ کرنا ، سنے سنائے نسخوں پر عمل کرنا اور تیز مصالحہ جات اور چٹخاروں کا استعمال بالوں کے مسائل کا سبب بنتا ہے ۔ علاو ازیں دماغی کمزوری ، عام جسمانی کمزوری ، اعصابی تناؤ اور سماجی پریشانیاں بھی بال جھڑنے اور نشوونما رکنے کا باعث بنتے ہیں ۔ اگر آپ لمبے اور صحت مند بالوں کی خواہاں ہیں تو سب سے پہلے ان تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی بدنی کیفیات پر غور کریں اور ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں جو اس پریشانی کا سبب بنے ہیں ۔ اپنی غذا متوازن اور معتدل بنائیں ۔ صبح سویرے خالی پیٹ ورزش اور سیر کو اپنا معمول بنائیں ۔ تلی ، بھنی ، مرغن ، ثقیل اور بادی غذاؤں سے پرہیز کریں ۔ بالوں پر لگانے کے لیے دال ماش کا آٹا دو چمچ دہی کی بالائی میں ملا کر لیپ کریں اور دو گھنٹے لگا رہنے دیں ۔ سر دھونے کے بعد بال خشک کریں اور روغن آملہ سے اچھی طرح بالوں میں مساج کریں ۔ بہت جلد بال گرنا بند اور لمبے ہونا شروع ہو جائیں گے ۔