Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سرمایہ کار پاک و ہند کے ساتھ صحت سیاحت کو فروغ دینگے،نوشین وسیم

جدہ۔۔۔ جدہ ایوان صنعت و تجارت میں ادارہ بین الاقوامی تعلقات کی سابق سربراہ  ،سعودی  پاکستانی اور سعودی انڈین کونسلز کی رکن نوشین وسیم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جدہ ایوان تجارت باب  الحرمین کو بین  الاقوامی تجارت کا   مرکز بنا کر دم لے گا۔پاکستان نژاد سعودی تاجر خاتون نوشین وسیم نے کہا کہ   سعودی سرمایہ اور  برصغیر کی  افرادی قوت کے طویل تجربات ، درمیانے اور چھوٹے درجے کے تجارتی اداروںکی کامیابی کے ضامن ہوں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ سعودی عرب کے بڑے بڑے منصوبے جلد مکمل ہونے والے ہیں۔ ان کے بعد سعودی حکومت او رنجی اداروں کی توجہات کا محور درمیانے او رچھوٹے ادارے ہی ہوں گے۔ نوشین وسیم نے کہا کہ جدہ کانفرنسوں ، مالیاتی و اقتصادی اور جمالیاتی سرگرمیو ںکا مرکز ہے۔ اب یہ اقتصادی  ، سماجی اور تفریحی پروگراموں کا بھی مرکز بنے گا۔ نئی نسلوں کی وطن عزیز کیلئے مفید منصوبوں کے قیام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت آنے والے پانچ برسوں کے دوران نئے منصوبوں پر 980ارب ریال لگائے گی۔نوشین وسیم نے کہا کہ برصغیر کے لوگ سعودیوں کو  اپنے تجربات او رہنر سکھانے میں مخلص ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہ پاکستان اور ہندوستان کے ساتھ صحت سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ا س سلسلے میں بات ہو چکی ہے۔جدہ ایوان تجارت کے انتخابات کے نتائج آنے کے بعد ایوان سے وفود پاکستان اور ہندوستان کے دورے کریں گے۔  نوشین وسیم نے مملکت میں موجود پاک  وہند کے انویسٹرز  کی بابت سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جدہ ایوان صنعت و تجارت کے انتخابات میں انہیں حصہ لینا چاہئے ۔ یہ ان کا حق ہے۔ انتخابات 4سال میں ایک بار ہوتے ہیں۔ 3برس سے زیادہ کا تجارتی لائسنس رکھنے والوں کو ان میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔ نئے انتخابات میں 100امیدوار کھڑے ہوئے ہیں۔ 12خواتین شامل ہیں۔ بورڈ کونسل میں 18ممبران ہوتے ہیں ان میں سے 6تاجر اور 6صنعتکار منتخب کئے جاتے ہیں جبکہ دیگر 6کی تقرری وزیر تجارت و سرمایہ کاری کی صوابدیدی اختیار ہے۔ ممبران ،چیئرمین اور 2نائبین کا انتخاب کرتے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ انتخابی مہم ایک ماہ بعد شروع کی جائے گی۔ نوشین نے مملکت میں مقیم برصغیر کے لوگوں کو مشورہ دیا کہ ہمیشہ اس سچائی کو مدنظر  رکھیں کہ ملازمت یا کاروبار کے ذریعے ملنے والا رزق اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہوتا ہے۔ اللہ نے جو لکھا ہے وہ مل کر رہے گا اور جو نصیب میں نہیں ہے وہ کسی حالت میں نہیں ملے گا۔ سب لوگ خوش رہیں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ خدشات کی بنیاد پر نہ اپنی صحت برباد کریں او رنہ اپنی خوشیاں ضائع کریں۔  

شیئر: