کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن‘ رپورٹ طلب
کراچی: شہر قائد میں بجلی کا ایک اور بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کے نتیجے میں شہر کا 70 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں علی الصبح ہونے والے بریک ڈاؤن سے ڈیفنس، گارڈن، بفرزون، ناظم آباد، گلشن حدید، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، ایف بی ایریا، شاہ فیصل کالونی، پی ای سی ایچ ایس، محمود آباد، بہادر آباد، کلفٹن گلستان جوہر، صدر اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے صبح سویرے شہریوں کو تعلیمی اداروں اور کام کاج پر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ نیشنل گرڈ سے بھی سپلائی منقطع ہے اور ٹرپنگ کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی متاثر ہے ، تاہم بجلی کی بحالی کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب بجلی کی ترسیل کے قومی ادارے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی ( این ٹی ڈی سی) کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ آج شدید دھند کی وجہ سے سدرن ریجن میں جہاں سے ’کے الیکٹرک‘ کو نیشنل گرڈ سے سپلائی جاتی ہے، ٹرپنگ شروع ہوئی، مگر کے الیکٹرک کا اپنا سسٹم بھی ٹرپ کرگیا جس کے باعث کراچی میں بجلی کی سپلائی کے مسائل پیدا ہوئے جبکہ این ٹی ڈی سی کا باقی نظام پورے ملک میں بحال ہے ۔
واضح رہے کہ شہر میں یہ ڈیڑھ ماہ کے دوران بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے ۔
بعد ازاں وزارت پاور ڈویژن نے این ٹی ڈی سی اور کے الیکٹرک حکام سے کراچی میں بجلی تعطل پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ایم ڈی این ٹی ڈی سی کو 24 گھنٹے میں تفصیلی رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے ساتھ ہی پابند کیا گیا ہے کہ اس رپورٹ میں واضح کیا جائے کہ دھند کی وجہ سے فالٹ آیا یا کوئی اور وجہ بھی تھی۔