ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم فیورٹ ہے
لاہور:پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کوچ محمد ثقلین نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈکپ کیلئے فیورٹ قرار دے دیا۔ محمد ثقلین کا کہنا تھا کہ اس وقت عماد شکیل ، محمد عرفان سینیئر، رضوان سینیئر، راشد محمود، تصورعباس، توثیق احمد، عمر بھٹہ اور علی شان ایسے کھلاڑی ہیں جو دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں اوران کھلاڑیوںنے اپنی اس اہلیت کو مختلف لیگز میںثابت بھی کیا ہے۔سابق کوچ کا کہنا تھا کہ ا ن کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی میں ارجنٹائن کو شکست دی، آسٹریلیا کے خلاف زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا، بیلجیئم کے خلاف غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔تمام تر نامساعد حالات کے باوجود یہ سب اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم میں بڑے اچھے کھلاڑی موجود ہیں، صرف اس بات کی ضرورت ہے کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں تاکہ یہ صرف اپنے کھیل پرتوجہ دے سکیں، گراونڈز کے باہر کے ایشوز کو بالکل نظر انداز کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستانی ٹیم ابتدائی مرحلے میں ٹاپ 8 میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہو۔ محمد ثقلین نے کہا کہ ورلڈکپ کے دوران پاکستان کو گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے جس میں پاکستان کے ساتھ جرمنی ، ہالینڈ اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں، اگرچہ یہ تینوں مضبوط حریف ہیں تاہم پاکستانی ٹیم ان ٹیموں کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، میری اور پوری قوم کی دعائیں اور نیک خواہشات پاکستان ٹیم کے ساتھ ہیں۔امید کرتا ہوں کہ گرین شرٹس ہند میں ورلڈ کپ کے دوران عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔ ایک سوال پر محمد ثقلین کا کہنا تھا کہ ملکی ہاکی مشکل ترین دور میں بھی زندہ رہی اور مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی سے ملک و قوم کا نام روشن کرتی رہے گی۔آخر میں ہاکی ٹیم کو اسپانسر شپ مل جانے پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں