شمالی کوریا میں غیر اعلانیہ میزائل بیس
واشنگٹن... امریکی تھینک ٹینک نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کے 20 غیر اعلانیہ میزائل بیس ہیں۔ واشنگٹن میں قائم سنٹر فار ا سٹرٹیجک اور انٹرنیشنل ا سٹڈیز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ شمالی کوریا میں غیر اعلانیہ میزائل بیس کام کر رہے ہیں تاہم ان میں سے ابھی صرف 13 بیس کی شناخت ہوسکی ۔ رپورٹ میں کہا گیاکہ ان میں سے بعض تنصیبات کی مینٹینس اور انفراسٹرکچر میں معمولی بہتری دیکھی گئی باوجود اس کے شمالی کوریا امریکہ کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اگرچہ شمالی کوریا نے سوہائی سیٹلائٹ تنصیب کو ناکارہ بنا کر بڑے پیمانے پر میڈیا اور دیگر عالمی برادری کی توجہ حاصل کی تاہم اب بھی غیر اعلانیہ جوہری میزائل تنصیبات امریکہ اورجنوبی کوریا کی سیکیورٹی کیلئے سنگین خطرہ ہیں ۔