ایس سی سی ٹی ٹوئنٹی چیلنج کپ میں 7میچوں کا فیصلہ
نواف المدینہ،پاک اسٹالینز ،کراون اسٹیل،اصداف ٹائیگر، پاک کشمیر،ساہیوال الیون اور پی آر سی سی کی ، حماد سعید اور وجیہہ الحسن کی سنچریاں
مدینہ منورہ کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم ایم سی اے) کے زیر اہتمام سعودی کرکٹ سینٹر (ایس سی سی) کے تعاون سے ایس سی سی ٹی ٹوئنٹی چیلنج کپ میں نواف المدینہ نے اسکائی وار کو 40رنز سے ہرادیا۔ نواف المدینہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں5وکٹوں پر 196رنز اسکورکیا۔علی ہادی نے جم کر بیٹنگ کی اور34گیندوں پر5چھکوں اور4چوکوں کی مدد 71 رنز بنائے۔ برکت نے بھی 6چوکوں کی مدد سے 37گیندوں پر نصف سنچری 54رنز اور سعودی نیشنل بیٹسمین عباس ندوی نے 5چوکوں کی مدد سے 23گیندوں پر 31رنز بناکر نمایاں اضافہ کیا۔فریاد نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں اسکائی وار مقررہ20اوورز میں احمد 21، مبشر21،عمر37اور فریاد 20رنز کی مدد سے 9 وکٹوں پر 156رنز بناسکی۔ عباس ندوی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے4اوورز میں 19رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی۔ عمر3اوراحمدنے2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
پاک اسٹالینز نے مدینہ ٹائیگرزکو167رنز سے شکست دے دی۔فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20اوورز میں 6وکٹوں 220رنز بنائے۔وحید نے 5چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے56،باسط نے 25اور بشارت نے23رنز بنائے۔ جواب میں مدینہ ٹائیگرزکی پوری ٹیم 9اوورز میں صرف 53رنز بناسکی۔ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں نہ پہنچ سکا۔ عادل علی نے 4اورجاوید نے3وکٹیں حاصل کیں۔
کراون اسٹیل نے بی ڈی رائل کو 180رنز سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے پہلے کھیلنے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 283رنز کا بڑا اسکور کھڑا کردیا۔ کپتان حماد سعید نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49گیندوں پر8فلک شگاف چھکوں اور13 زور دار چوکوں کی مدد سے 151رنز بنائے۔ فرخ17اور علی خان21رنز نے اسکور میں مزید اضافہ کیا۔ عمرصدیق3اورشریف نے 2وکٹیں حاصل کئیں۔جواب میں بی ڈی رائل کی پوری ٹیم 103رنز پر آوٹ ہوگئی۔ داود، رتن اور عبدالمطب نے بالترتیب 14،24اور13رنز بنائے۔حماد سعید نے بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 4وکٹیں حاصل کیں۔ حمزہ نے 3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
اصداف ٹائیگر نے ایورگرین کو 9وکٹوں سے ہرادیا۔ ایور گرین نے مقررہ 18اوورز میںتمام وکٹوں کے بدلے 164رنز بنائے۔ محمد رئیس، عبدالوہاب اور خالد نے بالترتیب 32،43اور 18رنز بنا کراسکور میں اضافہ کیا۔ اصداف ٹائیگر کے عبدالوہاب نے 4وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں اصداف ٹائیگر نے وجیہہ الحسن کی سنچری سے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ پرحاصل کرلیا۔وجیہہ الحسن نے 59گیندوں پر 18چوکوں کی مدد سے 108رنز اسکور کئے۔عدنان بٹ 27اور رانا یاسر نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے 18رنز بنائے
پاک کشمیر نے العقیق الیون کو 41رنز سے ہرادیا۔ پاک کشمیرنے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 19 اوورز میں 210رنز بنا کر آل آوٹ ہوگئی۔اسرار نے 50گیندوں پر 13چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 82،منصور 34اور حسین نے 19رنز بنائے۔رضا نے 3 اور عامر نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں العقیق الیون18ویں اوورز میں 169رنز بناکر چلتی بنی۔ کاشف نے سب سے زیادہ 51رنز بنائے۔ علی حسن 31رنز دوسرے نمایاں اسکورر تھے۔ عمران نے 3وکٹیں لیں جبکہ 3کھلاڑی رن آوٹ ہوئے۔
ساہیوال الیون نے شائنگ اسٹارز کو 7وکٹوں سے ہرادیا۔ شائنگ اسٹارز 19اوورز میں 119رنز پر آل آوٹ ہوگئی ۔نوید 25 اور علی 31 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین تھے۔ذیشان نے 4طارق اور ہمایوں نے 2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔جواب میں ساہیوال الیون نے 3وکٹوں کے نقصان پر 7اوورزمیں مقررہ ہدف حاصل کرکے 7وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ طارق33،ارسلان 30اور رضوان نے 24رنز بنائے۔عمر نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
پی آر سی سی نے پاک اسٹالین کو 5وکٹوں سے ہرادیا۔ پاک اسٹالین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 3وکٹوں پر183رنز بنائے۔ باسط علی اور عدنان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے بالترتیب 80اور 69رنز بنائے۔ عارف اللہ نے 3وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پی آر سی سی نے 20ویں اوورز کی آخری گیند پر مطلوبہ ہدف 5وکٹوں پر پورا کر لیا۔خرم شہزاد اور نعیم کیانی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 74اور47رنز کی اننگز کھیلی۔ اجمل خلیق 29رنز بناکر نمایاں رہے۔حسنات شاہ اور وحید نے 2،2کھلاڑیوں کا آوٹ کیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں