ایمپریس مارکیٹ کے اطراف پارک بنیں گے
جمعرات 15 نومبر 2018 3:00
کراچی ... سپریم کورٹ کے احکامات پر صدر کے مختلف علاقوں اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کو صاف کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔جمعرات کو ایمپریس مارکیٹ کے اندر قائم غیر قانونی 27 دکانوں کو بھی توڑ دیا گیا۔ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف سے بھاری مشینری کے ذریعے90 فےصد ملبہ اٹھا لیا گیا۔ عمارت کو محفوظ بنانے اور اس کی تزئین و آرائش کے بعد ایمپریس مارکیٹ کے چاروں دروازوں کے اطراف خوبصورت باغ بنائے جائیں گے۔ ایمپریس مارکیٹ کے اندر شاندار آرٹ گیلری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انسداد تجاوزات کارروائی کے نگراں میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمان نے بتایا کہ صدر اور ایمپریس مارکیٹ سے ملحقہ علاقوںسے تجاوزات صاف کرنا مشکل کام تھا مگر ناممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے اندر اور باہر تجاوزات قائم کرنے والے افراد نے مارکیٹ کی عمارت کو کافی نقصان پہنچایا۔ عمارت کے نچلے حصوں پر کئی سوراخ کئے گئے۔ عمارت کی کھڑ کیوں پر لگی گرل اور دروازے بھی انتہائی بو سیدہ اور مخدوش حالت میں ہیں۔ انہیں درست کرنے کے لئے کچھ وقت درکار ہوگا ۔ملبہ ہٹانے کے بعد ایمپریس مارکیٹ کے چاروں کونوں پر خوبصورت باغ کی تعمیر کاکام جلد شروع کیا جائے گا۔ اس کے لئے زمین کو ہموار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں کے قیام کے بعد نہ صرف یہ کہ ایمپریس مارکیٹ کی عمارت کی پرانی شکل نظر آئے گی بلکہ اطراف میں رہنے والوں اور یہاں سے گزرنے والوں کو بھی عمدہ ماحول میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمارت پر نصب گھڑی کی درستگی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گھڑی بنانے والی برطانوی کمپنی سے رابطہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ کمپنی اب بند ہوچکی ۔ اب ملک بھر کے گھڑی ساز اداروں سے رابطے جاری ہیں۔اس طرح کی گھڑیاں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام مختلف تاریخی اور قدیم عمارتوں میں بطورٹاور کلاک نصب ہیں ۔ان میں کے ایم سی بلڈنگ، میری ویدر ٹاور، لی مارکیٹ بلڈنگ، سولجر بازار اور رتن تلاو کی عمارتیں شامل ہیں۔