ہماری حکومت سب سے بہتر تھی،زرداری
جمعرات 15 نومبر 2018 3:00
بدین...پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب اور طاقتوں کو احساس ہوگا کہ پاکستان صرف عوام کے اصل نمائندے چلاسکتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کے ہاتھوں سے بنائے ہوئے نمائندوں سے کام نہیں چلتا۔ انہوں نے تو خود کام نہیں کیا تو کیا پتہ کیسے کام چلے گا۔ یہ کبھی دفتر میں نہیں بیٹھے۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کھیل کر کرکٹر بن گیا۔ اس سے پاکستان کا لیڈر بننا مشکل ہے۔چاہے اس کی جتنی مد دکریں۔ مجھے سمجھ آرہی ہے کون کون کہاں کہاں مدد کررہا ہے۔کاش ہمارے دور میں بھی ایسی ہماری مدد ہوتی۔سابق صدر نے کہاکہ آج بھی ہمیں موقع دیا جائے تو سب سے بہتر ہماری حکومت رہے گی اور ہماری ہی حکومت سب سے بہتر تھی۔ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، آج کسی گاوں کے بچے کو بولیں تو وہ بھی بتادے گا ہمارے دور میں کیا بچت تھی اب کتنی ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ آج اس لئے اردو میں تقریر کررہا ہوں تاکہ اسلام آباد بھی سنے۔اسلام آباد کو سوچنا اور سمجھنا چاہیے کہ انسان کی ذات کی اصل قیمت ہے۔ یہی عوام ملک کے اصل مالک ہیں۔ پاکستان اسی عوام نے بنایا آپ نے لڑ کر نہیں بنایا۔انہوںنے کہاکہ سندھ اسمبلی نے ملک بنایا۔ سندھ کے حق پر ڈاکے ڈالنا چھوڑ دیں۔ پورے پاکستان کے حق پر ڈاکا نہیں ڈالتے۔ہم جو حق ہے اس سے زیادہ دیتے ہیں۔ یہ ہماری جنگ جاری رہے گی۔سابق صدر نے مزید کہاکہ دوستوں کو چاہیے بے وقوف بنانا چھوڑدیں۔ بدین میں بھی آڈٹ ہوگا۔جنہوں نے بدین کے ساتھ حرام کیا انہیں حساب دینا پڑے گا۔