جاوید میانداد کی شاہد آفریدی پر تنقید
کراچی: پاکستانی لیجنڈ اور کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کشمیر کے معاملے پر متنازعہ بیان دینے پر شاہد خان آفریدی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ جاوید میانداد نے آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست اور کھیل الگ الگ چیزیں ہیں، شاہد آفریدی کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے، اس ضمن میں ان کا طرز گفتگو نامناسب تھا۔ میانداد کا کہنا تھا کہ کسی کھلاڑی کو ملک کے حساس معاملات پرکر گفتگو نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ ہمارا شعبہ نہیں ، بہتریہی ہے کہ ہم اپنی توجہ اسی شعبے پر رکھیں جس سے ہمارا تعلق ہے اور جس پر ہم بہتر انداز میں اظہار خیال کر سکتے ہیں۔انہوں نے آفریدی سیاست کے بجائے کرکٹ اور اپنی فاونڈیشن کے مقاصد پر توجہ دیں جس کے لئے وہ لندن میں موجود ہیں۔دریں اثناء جاوید میانداد نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت جو کھلاڑی بھی کارکردگی نہیں دکھائے گا اس کے لئے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا ممکن نہیں اس لئے جب تک سرفراز ا احمد اچھی کارکردگی دکھاتے رہے تو ان کی قیادت کو کوئی خطرہ نہیں۔ چیئرمین احسان مانی سے ملاقات کے بعد جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے رسمی ملاقات ہوئی ہے اور اس ملاقات کا تعلق کرکٹ بورڈ میں کسی عہدے کی پیشکش سے نہیں۔ چیئرمین سے کرکٹ اسٹرکچر کو بہتر بنانے پر بات ہوئی اور جو مشورے مانگے میں نے دئیے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں